نئی دہلی، یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دہلی پولیس کمشنر امولیہ پٹنائک نے پارلیمانی کمیٹی کے روبرو رامجس کالج میں ہوئے تشدد اور کارگل کے شہید کی بیٹی گرمہرکور پر سوشل میڈیا میں کئے گئے نازیبا تبصرے پر سخت نگرانی رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ رامجس معاملے میں بڑھتے ہوئے تنازعہ کے دوران امور داخلہ کی پارلیمانی کمیٹی کے سامنے کل پیش ہوئے مسٹر پٹنائک نے سخت نگرانی کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ پارلیمانی کمیٹی کی کل ہوئی میٹنگ میں کانگریس، ترنمول کانگریس سمیت کئی اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے دہلی یونیورسٹی کے رامجس کالج میں ہوئے تشدد اور گرمہر کور کا مسئلہ اٹھایا اور قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ میٹنگ کے دوران پولیس کمشنر کی جانب سے کارروائی کرنے کی یقین دہانی اور اس معاملے میں مقدمہ درج کرنے کی بات کی گئی لیکن بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان نے کہا کہ بغیر پیشگی اطلاع کے رامجس معاملے کی بحث نہیں کی جا سکتی ہے ۔تاہم کمیٹی کے صدر پی چدمبرم نے ارکان سے رامجس معاملے میں سوال پوچھنے کی اجازت دے دی۔