دہشت گردی کی بیماری کی جڑ پاکستان میں موجود، مَیں علاج کرنا چاہتا ہوں، اپوزیشن مجھے ہٹانا چاہتی ہے، وزیراعظم مودی کا خطاب
جام نگر 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے 27 فروری کو پاکستان میں فضائی کارروائی کے دوران انڈین ایر فورس میں اگر رافیل طیارہ ہوتے اس کے مختلف نتائج کے بارے میں دیئے گئے بیان پر سوال اُٹھانے والی اپوزیشن جماعتوں کو عام حس و احساس کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ مودی نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف لڑائی میں وہ خاموش نہیں بیٹھیں گے اور اس کا جڑ سے علاج کریں گے جو (جڑ) پاکستان میں ہے۔ وزیراعظم مودی نے یہاں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ’’مَیں نے کہا تھا کہ رافیل اگر وقت پر حاصل کیا جاتا (27 فروری کی کارروائی میں) اس کا مختلف اثر ہوتا۔ لیکن وہ (اپوزیشن) کہہ رہے ہیں کہ مودی خود ہمارے ایر فورس کے حملوں پر سوال اُٹھارہے ہیں‘۔ اُنھوں نے اپوزیشن سے کہاکہ ’برائے مہربانی عام حس و احساس کا استعمال کیجئے۔ میں نے کہا تھا کہ رافیل اگر بروقت ملتے تو ہمارا کوئی لڑاکا طیارہ مار گرایا جاتا اور نہ ہی ان (پاکستان) کا کوئی طیارہ بچ سکتا تھا‘۔ پاکستان کے بالاکوٹ میں جیش محمد کے دہشت گرد کیمپوں پر 26 فروری کو کئے گئے حملوں کے ثبوت کا مطالبہ کرنے والی اپوزیشن جماعتوں پر تنقید کرتے ہوئے مودی نے کہاکہ ان کا مقصد دہشت گردی کو ختم کرنا ہے اور اپوزیشن کا مقصد اُنھیں (مودی کو) ہٹانا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ دہشت گردی کی بیماری کی جڑ پڑوسی ملک میں ہے کیا ہم اس بیماری کا اس کی جڑ سے علاج نہ کیا جائے‘۔ وزیراعظم نے کہا ’ہندوستان کو تباہ کرنے کے درپے عناصر کے معاون و مربی اگرچہ ملک کے باہر ہیں جس کے باوجود ملک خاموش نہیں بیٹھ سکتا‘۔ وزیراعظم یہاں گرو گوبند سنگھ ہاسپٹل کی متصلہ عمارت اور دیگر ترقیاتی پروگراموں کے افتتاح کے بعد خطاب کررہے تھے۔
وزیراعظم کی زبانی لغزش، کوچی کے بجائے کراچی کا حوالہ
جام نگر 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے زبانی لغزش کے سبب آج کیرالا کے شہر کوچی کو پاکستان کے شہر کراچی سے ملادیا لیکن جلد یہ اپنی غلطی کو محسوس کرتے ہوئے بطور اصلاح وضاحت کی کہ آئے دن اُن کا ذہن پڑوسی ملک پر مرکوز ہے۔ وزیراعظم نے آیوشمان بھارت صحت اسکیم کے فوائد بیان کرتے ہوئے غلطی سے یہ کہہ دیا تھا کہ اس اسکیم سے جام نگر (گجرات) کے رہنے والے کسی شخص کو ’کولکتہ یا کراچی‘ ملک کے کسی بھی حصہ میں علاج کی سہولت دستیاب ہوسکتی ہے۔ لیکن اس زبانی لغزش کو محسوس کرتے ہوئے اُنھوں نے فوری وضاحت کردی کہ وہ ’کراچی‘ نہیں ’کوچی‘ کہنا چاہتے تھے۔ لیکن آئے دن ان کا ذہن پڑوسی ملک کے بارے میں مختلف خیالات پر مرکوز ہے۔ مودی نے جو گرو گوبند سنگھ ہاسپٹل میں 750 بستروں پر مشتمل عمارت کے افتتاح کے موقع پر عوام کے اجتماع سے خطاب کررہے تھے، مزید کہاکہ ’لیکن وہ (پاکستان میں فضائی حملے) کرنا بھی ضروری تھا۔ اُنھوں نے عوام سے سوال کیاکہ آیا یہ کرنا چاہئے تھا کہ نہیں کرنا چاہئے تھا؟ جس پر شرکاء نے پرجوش انداز میں مثبت جواب دیا۔