رافیل جیسے تنازعات سے قومی وقار متاثر : اروپ راہا

کولکتہ 14 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق چیف آف ائر اسٹاف اروپ راہا نے کہا کہ رافیل فائٹر جیٹ معاملت پر کانگریس اور این ڈی اے کے مابین سیاسی مباحث کی وجہ سے قوم کا وقار متاثر ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی بڑی معاملتوں میں ہمیشہ ہی کچھ غلط اور کچھ صحیح ہوا کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ رافیل جیسے تنازعات سے قوم کا وقار مجروح ہوا ہے کیونکہ ساری دنیا دیکھ رہی ہے ۔ یہ بڑی معاملتیں ہیں۔ اس میں کچھ غلط ہوسکتا ہے اور کچھ صحیح بھی ہوسکتا ہے ۔ راہا یہاں میڈیا سے بات کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے تنازعات دفاعی صلاحیتوں کیلئے اچھی علامت نہیں ہیں کیونکہ اس سے ملک کے نظام میں قوم کا اعتماد ختم ہوجاتا ہے ۔ کانگریس نے اس معاملت میں رشوت کے الزامات عائد کئے ہیں۔ رافیل سودے کے بارے میں کانگریس ایک عرصہ سے بی جے پی زیرقیادت این ڈی اے حکومت کے فیصلہ کے خلاف احتجاج میں مصروف ہے۔