رافیل اسکام سے توجہ ہٹانے رام مندر مسئلہ کا چرچہ :کنہیا

اورنگ آباد10دسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) آل انڈیا اسٹوڈنٹس فیڈریشن (اے آئی ایس ایف) کے نائب صدر اور جے این یو کے طلبا کے لیڈر کنہیا کمار نے کہا ہے کہ رافیل گھوٹالے سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لئے رام مندر کا مسئلہ اچھالا جا رہا ہے ۔مسٹر کمار نے اتوار کی رات یہاں عام خاص میدان پر ‘آئین بچاؤ، ملک بچاؤ’ ریلی سے خطاب کرتے ھوئے کہا کہ قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے ) حکومت بھگوان رام کی پیروکار نہیں، بلکہ وہ ناتھورام کی پیروی کرتی ہے ۔ انہوں نے راشٹریہ سویم سیوک (آر ایس ایس) پر طنز کرتے ھوئے کہا کہ آر ایس ایس کی تشکیل کو 125 سال ہو گئے ، لیکن رام مندر کا مسئلہ اب تک حل نہیں کیا جا سکا۔انہوں نے دہرایا کہ بابري مسجد ڈھانچہ کے انہدام کے بعد بھی مندر تعمیر نہیں ہوپایا ، اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ لوگ رام کے پیروکار کبھی تھے ہی نہیں، بلکہ وہ تو ناتھورام کی پیروی کرتے آئے ہیں۔ کسانوں کی خودکشی، بے روزگاری اور مہنگائی کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے لوگ ان مسائل سے دو چار ہیں۔ حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے دیہی علاقوں کے لوگوں کی دلچسپی کاشت کاری کی جانب نہیں ہے اور روزی روٹی کے لئے وہ شہروں کا رخ کر رہے ہیں۔طلبا لیڈر نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ہدف تنقید بناتے ھوئے کہا کہ ان کے پاس مراٹھواڑا علاقے میں خودکشي کر نے والے کسانوں کے وارثوں سے ملنے کا وقت نہیں ہے ، لیکن بیرون ملک جانے اور اہم شخصیات سے ملنے کا خوب وقت ہے ۔