نئی دہلی 23 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج کہاکہ 2008 ء کے معاہدے میں جو ہندوستان اور فرانس کے درمیان ہوا تھا، ایسا کوئی فقرہ نہیں ہے جو حکومت کو قوم کو گمراہ کرنے کی اجازت دیتا ہے اور حکومت رافل سودے کی قیمت کی تفصیلات کا انکشاف نہیں کرسکتی۔ سابق وزیر دفاع سینئر کانگریس قائد اے کے انٹونی نے کہاکہ حکومت کا دعویٰ ہے کہ معاہدے میں ایک خفیہ فقرہ شامل ہے جس کی وجہ سے وہ سودے کی قیمت کی تفصیلات ظاہر کرنے سے قاصر ہے۔ حکومت کا یہ دعویٰ بالکل غلط ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ حکومت رافیل جیٹ طیاروں کے سودے کی تفصیلات اس طرح پوشیدہ نہیں رکھ سکتی کیوں کہ سی اے جی اِس کی جانچ کرتا ہے۔ علاوہ ازیں پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھی اِس کا جائزہ لیتی ہے۔ انٹونی اپنے ساتھی آنند شرما کے ساتھ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔