!راشٹریہ مسلم منچ کی دعوت افطار منسوخ

ممبئی۔4 جون (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی کے دو باشندوں نے اپنی سرگرم تحریک کے ذریعہ ’’آر ایس ایس‘‘ کی مسلم ونگ آر ایم ایم کے زیر اہتمام ’’سھیادری گیسٹ ہائوز‘‘ میں منعقد شدنی دعوت افطار کو منسوخ کرنے پر مجبور کردیا۔ اس ضمن میں مذکورہ بالا دو سرگرم ممبئی کے باشندوں ایڈوکیٹ عادل کھتری اور شکیل احمد شیخ نے گورنر سی ودیا ساگر رائو اور وزیر اعلی دیویندر فڈنویس کو مکتوب روانہ کیا جس میں کہا گیا تھا کہ ’’سرکاری گیسٹ ہائوز‘‘ صرف ’’دفتری معاملات‘‘ کے استعمال کے لیے ہے نہ کہ عوامی اور مذہبی تقریبات کے لیے بنایا گیا ہے۔ انہوں نے اپنے لکھے گئے مکتوب میں مزید الزام لگایا کہ منعقد شدنی افطار پارٹی، جو بعدازاں منسوخ کردی گئی، صرف مسلمانوں کے ووٹ ہتھیا نے کا مذہبی حربہ ہے۔ انہوں نے اپنے مکتوب میں گیسٹ ہائوز کے استعمال کے لیے وضع کردہ خطوط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ گیسٹ ہائوز میں صرف وزیر اعلی، نائب وزیراعلی (ڈی سی ایم)، وزراء، چیف سکریٹری، ایڈیشنل چیف سکریٹری، پرنسپال سکریٹری، سکریٹری ا ور مساوی رتبہ کے حامل عہدیدار ہی اجلاس، ورکشاپ اور پریس کانفرنس منعقد کرسکتے ہیں۔ اس سلسلہ میں انہوںنے مطالبہ کیا کہ جن عہدیداروں نے اس گیسٹ ہائوز کو افطار پارٹی کے لیے دینے کی رضامندی دی تھی، ان کے خلاف کارروائی ’’شعبۂ پروٹوکول‘‘ کی جانب سے کی جائے۔