راشٹرپتی بھون میں فلم پیکو کا خصوصی شو

نئی دہلی ۔ 8 ۔ جون (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ میگا اسٹار امیتابھ بچن نے کل راشٹرپتی بھون میں فلم پیکو کے خصوصی شو میں شرکت کی ۔ یہ فلم حال ہی میں ریلیز کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے اس فلم کی کہانی اور اداکاری کی ستائش کی ہے جو کہ ایک بنگالی خاندان کے بارے میں ہے۔ 72 سالہ اداکار کیساتھ ان کے فرزند ابھیشک بچن اور فلمی ہدایت کار شوجیت سرکار بھی تھے ۔ تاہم فلم کے خصوصی شو کے موقع پر دیگر اداکار دیپکا پڈوکون اور عرفان خاں غیر حاضر رہے جو کہ فی الحال بیرونی ملک کے دورہ پر ہیں۔ امیتابھ بچن نے اپنے ٹوئیٹر پر بتایا کہ عزت مآب صدر جمہوریہ شری پرنب مکرجی نے فلم پیکو دیکھی اور اداکاروں کے ہندی ، بنگالی لب و لہجہ کی ستائش کی ۔ بعد ازاں صدر جمہوریہ نے ضیافت پر مدعو کیا اور فلم پر تبادلہ خیال کیا ۔ واضح رہے کہ پرنب مکرجی کا تعلق بھی مغربی بنگال سے ہے۔