راشٹراپتی نیلائم میں ’ نکشترا واٹیکا‘کا افتتاح

حیدرآباد۔6جولائی ( پی ٹی آئی) صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے راشٹرا پتی نیلائم کے باغیچہ میں آج ’ نکشترا واٹیکا ‘ کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے صدر جمہوریہ کیلئے مختص اس تفریح گاہ میں واقع باغات کی سیر کی اور ’ سوریا دیوتا ‘ سے منسوب ایک پودے کی آبیاری کی ۔ اس موقع پر اُن کے ساتھ گورنر ای ایس ایل نرسمہن اور تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی بھی موجود تھے ۔ راشٹرا پتی نیلائم کے دیگر باغیچوں کے ساتھ اس باغیچہ کو بھی جنوری 2016ء کے پہلے ہفتہ سے عوام کیلئے کھول دیا جائے گا ۔ مربع کی شکل میں تیار کردہ اس باغیچے میں 9خانے بنائے گئے ہیں جو شمسی نظام کے 9سیاروں ’ نوا گراہا ‘ کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ ہر خانے میں اُن مخصوص پودوں کو شامل کیا گیا ہے جو متعلقہ سیارے کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ علاوہ ازیں پہلے بڑے داخلی حلقہ کو 12چھوٹے حلقوں میں تقسیم کیا گیا ہے جو 12 بُرجوں کی نمائندگی کرتے ہیں اور بُرجوں سے موسوم پودے لگائے گئے ہیں ۔ بیرونی حلقہ 27حصوں پر مشتمل ہیں اور ہر حلقہ میں ستاروں کی جھلک پیش کی گئی ہے ۔ اُن میں لگائے جانے والے پودے بھی مخصوص ستاروں کی نمائندگی کرتے ہیں ۔ راشٹرا پتی نیلائم میں طبی اہمیت کے حامل پیڑ پودے اور جڑی بوٹیاں کا باغیچہ پہلے سے موجود ہے۔ صدر پرنب مکرجی جو 29جون کو یہاں پہنچے تھے 8جولائی تک قیام کریں گے ۔