راشن کے چاول کی دوبارہ حکومت کو فروخت کا ریاکٹ

خاطی رائس ملرس گرفتار۔ فوجداری مقدمات کا اندراج ۔ کمشنر سیول سپلائز سی وی آنند کی کارروائی
حیدرآباد /5 جنوری ( سیاست نیوز ) محکمہ سیول سلالائیز نے حکومت کو راشن کے چاول فروخت کرنے والے رائس ملرس کو گرفتار کرلیا ہے ۔ ان کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرتے ہوئے رائس ملرس کو بلاک لسٹ کردیا اور گوداوموں کے انچارج کے خلاف کارروائی گئی ہے ۔ کمشنر محکمہ سیول سپلائیز سی وی آنند نے بے قاعدگیوں میں ملوث ہونے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔ غریب عوام کی فلاح و بہبود کیلئے حکومت تلنگانہ سبسیڈی پر راشن شاپس کے ذریعہ ایک روپیہ فی کیلو چاول فروخت کر رہی ہے ۔ چند رائس ملرس یہی چاول دوبارہ محکمہ سیول سپلائی کو فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے ۔ راشن شاپس سے سربراہ کئے جانے والے چاول کو ری سائیکلنگ کرنے کا علم ہونے کے بعد محکمہ سیول سپلائیز کی ٹیم کمشنر سی وی آنند کی قیادت میں میدان میں اتری اور چاول کے چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا ۔ گودام انچارجس کے خلاف بھی کارروائی کی گئی ۔ اس مسئلہ پر کمشنر سیول سپلائیز نے سخت ردعمل کا اظہار کیا اور خاطی رائس ملرس کے خلاف فوجداری مقدمات درج کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی اور ساتھ ہی ان ملرس کو بلاک لسٹ کردیا گیا ہے ۔ ضلع ناگرکرنول کے ملرس سے باریک چاول کی خریدی کو روک دیا گیا ہے ۔ سی وی آنند نے رائس ملرس اسوسی ایشن پر بھی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ارکان پر نگاہ رکھنے میں ناکام ہوگئے ۔ غریب عوام میں تقسیم کئے جانے والے چاول کے غبن کو برداشت نہ کرنے کا انتباہ دیا ۔ بے قاعدگیوں میں ملوث ہونے والوں کے چارجس بھی روک دئے گئے ۔ رائس ملز کو ضبط کرنے سے گریز نہ کرنے کی بھی دھمکی دی ۔ سی وی آنند نے کہا کہ محکمہ سیول سپلائیز اور ملرس کے درمیان بھروسے کا رشتہ ہے اور دونوں ایک دوسرے کے تال میل سے کام کر رہے ہیں بھروسے کو توڑنے اور دھوکہ دینے کی کوشش ناقابل قبول ہے ۔ عوامی تقسیم نظام کیلئے حکومت کے پاس ضرورت کے مطابق چاول کا اسٹاک نہ ہونے کی وجہ سے ہر سال 6 لاکھ میٹرک ٹن چاول ملرس سے خریدا جاتا ہے ۔ چاول کے معیار کی جانچ کرنے کیلئے کی گئی تنقیح میں ناگرکرنول کے ساتھ ضلع سرسلہ میں بھی بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے ۔ اس تنقیح میں 1080 ( 50 کیلو ) کے تھیلے چاول کو ری سیکیلنگ کرکے حکومت کو فروخت کرنے کا پتہ چلایا جس کی قیمت 15 لاکھ روپئے تک بتائی گئی ہے ۔