کیروسین کے لیے اندراج کی آخری تاریخ 15 جون مقرر ، حکومت کا قانونی رائے کے بعد فیصلہ
حیدرآباد۔5جون(سیاست نیوز) راشن کے ذریعہ کیروسین کے حصول اور مرکزی حکومت کی وظائف اسکیمات سے استفادہ کیلئے آدھار کالزوم عائد کردیا گیا ۔ آدھار کارڈ کے لزوم کے سلسلہ میں سپریم کی جانب سے واضح ہدایات کے باوجود حکومت کی جانب سے عائد کئے جانے والے اس لزوم کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ حکومت نے کیروسین کی کالا بازاری کو روکنے اور وظائف اسکیم سے حقیقی استفادہ کنندگان کو فائدہ پہنچانے کیلئے لازمی قرار دیا ہے تاکہ بدعنوانیوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔ آدھار کارڈ کے حصول و اندراج کیلئے آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر کی گئی ہے لیکن کیروسین کے حصول کی اسکیم اور اٹل پینشن یوجنا کے حصول کیلئے آدھار کارڈ کے حصول و اندراج کی آخری تاریخ 15جون رکھی گئی ہے ۔مرکزی حکومت کی جانب سے کئے گئے اس فیصلہ کے متعلق کیا جا رہا ہے کہ حکومت نے اس سلسلہ میں قانونی رائے حاصل کرنے کے بعد ہی فیصلہ کیا ہے لیکن بعض گوشوں سے اس فیصلہ پر تنقید کی جا رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ راشن کے ذریعہ عوام کو حاصل ہونے والے کیروسین سے محروم کرنے کیلئے ان شرائط کا اطلاق کیا جا رہا ہے ۔ حکومت کے ذرائع کا استدلال ہے کہ کیروسین عوام تک پہنچ نہیں رہاہے عوام کے کوٹہ کے اعتبار سے حاصل کیا جانے والا کیروسین کالا بازاری کے ذریعہ فروخت کیا جا رہا ہے جو صنعتی ادارے خرید رہے ہیں۔مرکز کی جانب سے چلائی جانے والی اسکیمات سے استفادہ کیلئے آدھار کے لزوم کے سلسلہ میں مرکزی حکومت کی مختلف وزارتوں کے شعبہ جات سرگرم ہیں اور ان شعبوں کے عہدیداروں کو ہدایت دی جا رہی ہے کہ وہ مرکزی حکومت کی اسکیمات بالخصوص فلاحی اسکیمات کو آدھار سے مربوط کرتے ہوئے اس کے لزوم کو یقینی بنائیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے کیروسین کیلئے آدھار کالزوم اس لئے قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ اس لزوم کے بعد گیس کنکشن رکھتے ہوئے کیروسین حاصل کرنے والوں کی نشاندہی ہو سکے گی۔ ذرائع کے بموجب کئی ایسے گیس کنکشن رکھنے والے ہیں جو گیس کا اندراج کروائے بغیر کیروسین بھی حاصل کر رہے ہیں یا پھر ڈیلرس کی جانب سے ان کے گیس کنکشن کے متعلق اندراج کئے بغیر صارفین کے نام پر کیروسین حاصل کیا جا رہاہے جو بلیک مارکٹ میں فروخت کیا جا رہا ہے ۔ اٹل پینشن یوجنا کیلئے آدھار کے لزوم کے متعلق کہا جا رہا ہے کہ آدھار منسلک کرنے کے بعد ایک شخص دو مقامات سے وظائف کی اسکیم سے استفادہ حاصل نہیں کرسکے گا۔