کسی بھی دوکان سے راشن حاصل کرنے کی سمت پیشرفت ‘ ڈیلرس کی من مانی پر بھی قابو
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : حکومت ڈیلرس کی من مانی کو روک لگانے کے ساتھ راشن کارڈ گیرندوں کو راشن کی حصولیابی کیلئے آسانیاں پیدا کررہی ہے محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے شروع کردہ بائیو میٹرک نظام کی وجہ سے اب کارڈ گیرندوں کو ریاست کے کسی بھی راشن شاپ سے راشن حاصل کرنے کی سہولت دستیاب ہوئی ہے ۔ واضح ہو کہ تاحال کارڈ گیرندوں کو راشن کی حصولیابی کے لیے راشن شاپس کا بار بار چکر کاٹنا پڑتا تھا شاپس بند ہونے کی وجہ سے کارڈ گیرندے راشن حاصل نہ کرسکتے تھے اور جب شاپس کھلتے تو ڈیلرس راشن کوٹہ ختم ہونے کا بہانہ کر کے راشن فراہم نہیں کررہے تھے اور راشن شاپس ڈیلرس راشن کو کالا بازاری کے ذریعہ فروخت کیا کرتے تھے ۔ مگر اب بائیو میٹرک کی وجہ سے کارڈ گیرندے کسی بھی راشن شاپ سے اپنے حصہ کا راشن بائیو میٹرک نظام کی تکمیل کے بعد بآسانی حاصل کرسکتے ہیں اور یہ ضروری نہیں کہ کارڈ گیرندے انہیں مختص کی گئی شاپ سے ہی راشن حاصل کریں بلکہ وہ کسی بھی شاپ سے راشن حاصل کرسکتے ہیں ۔ محکمہ سیول سپلائی کے 9 سرکلز میں جاریہ ماہ کی 17 تاریخ 34% کارڈ گیرندوں نے دیگر شاپس کے ذریعہ راشن حاصل کیا ہے اور 2,66,964 کارڈ گیرندوں نے انہیں مختص کردہ شاپس سے راشن حاصل کیا ہے تو 90,0099 کارڈ گیرندوں نے غیر مختص شاپس کے ذریعہ راشن حاصل کیا ہے ۔ ملک پیٹ سرکل میں 46 فیصد یاقوت پورہ سرکل میں 35 فیصد ، چارمینار سرکل میں 34 فیصد ، نامپلی سرکل میں 31 فیصد ، مہدی پٹنم سرکل میں 30 فیصد افراد نے پورٹیلیٹی کے ذریعہ راشن حاصل کیا ہے ۔ جب کہ عنبر پیٹ سرکل میں 27 فیصد ، خیریت آباد سرکل میں 35 فیصد بیگم پیٹ سرکل میں 26 فیصد ، سکندرآباد سرکل میں 37 فیصد کارڈ گیرندوں نے غیر مختص راشن شاپس کے ذریعہ راشن حاصل کیا ہے ۔۔