تمام دکانات کو آن لائن سے مربوط کردیا گیا ۔ یکم مارچ سے ریاست گیر سطح پر عمل آوری
حیدرآباد۔23 فروری(سیاست نیوز) ریاست کے تمام ارزاں فروشی کی دکانات کو آن لائن کردیا گیا ہے اور بہت جلد راشن کارڈ گیرندوں کو ریاست میں کسی بھی دکان سے راشن کی خریدی کی سہولت حاصل رہے گی۔ محکمہ سیول سپلائز تلنگانہ نے یکم مارچ سے شہریان ریاست تلنگانہ کو اپنے ضلع میں کسی بھی راشن کی دکان سے راشن حاصل کرنے کی سہولت کی فراہمی کا اعلان کیا ہے اور ماہ مئی سے ریاست کا کوئی بھی شہری نہ صرف اپنے ضلع کی کسی بھی راشن کی دکان سے راشن حاصل کرپائے گا بلکہ وہ ریاست بھر میں کسی بھی راشن کی دکان سے راشن کی خریداری کو ممکن بنا سکتا ہے۔ محکمہ سیول سپلائز کی جانب سے ریاست میں راشن کے ذریعہ فراہم کئے جانے والے غذائی اشیاء کی کالا بازاری کو روکنے کے علاوہ راشن کارڈ گیرندوں کو سہولت کی فراہمی کے اقدامات کے طور پر تمام راشن کی دکانات کو آن لائن کرنے کے علاوہ بائیو میٹرک طریقہ سے راشن کی فروخت کے اقدامات کئے ہیں جس کے نتیجہ میں کالا بازاری پر روک کے علاوہ راشن کے حصول کیلئے پہنچنے والوں کو مایوسی کا سامنا کرنا نہیں پڑ رہا ہے بلکہ وہ اپنی مرضی کے مطابق راشن کی دکانات سے ہجوم سے محفوظ رہتے ہوئے راشن حاصل کر رہے ہیں۔ مسٹر سی وی آنند نے بتایا کہ شہر حیدرآباد میں کسی بھی راشن کی دکان سے راشن کی خریدی کے سلسلہ میں حکمت عملی کا تجربہ کیا گیا جو کہ کامیاب رہا اور اس تجربے کی بنیاد پر اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ یکم مارچ سے ریاست کے تمام اضلاع میں راشن کارڈ گیرندے اپنے ضلع کی کسی بھی راشن کی دکان سے راشن حاصل کر سکتے ہیں اور اس سلسلہ میں مزید اقدامات کرتے ہوئے ماہ مئی سے ریاست کی کسی بھی راشن کی دکان سے راشن کے حصول کو ممکن بنایا جائے گا۔مسٹر سی وی آنند نے بتایا کہ ریاست بھر میں موجود 17ہزار راشن کی دکانات کو آن لائن کرنے کے اقدامات تیزی سے جاری ہیں اور ان اقدامات کو مزید تیز کرنے کے لئے ہدایات جاری کردی گئی ہیں اور جو راشن کی دکانات کے مالکین کی جانب سے دکان کو آن لائن نہیں کیا جائے گا ان کے خلاف کاروائی کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں کسی بھی راشن کی دکان سے راشن کے حصول کے منصوبہ کو عملی جامہ پہنانے کے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔مسٹر سی وی آنند نے بتایاکہ جون 2017تاجنوری کے دوران 26 لاکھ 65 ہزار 631 افراد نے راشن حاصل کیا ہے ۔