راشن ڈیلرس کے کمیشن میں اضافہ ۔ بقایہ جات کی مرحلہ وار ادائیگی

نئے گرام پنچایتوں میں کارڈز کی تعداد کے لحاظ سے راشن شاپس کے قیام سے اتفاق
حیدرآباد ۔ 4 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : حکومت تلنگانہ نے ریاست کے راشن شاپ ڈیلرس کو فراہم کیے جانے والے ’کمیشن ‘ کی رقم کو فی کنٹل 20 روپئے سے بڑھا کر 70 روپئے کرنے سے اتفاق کرلیا ہے اور سابقہ بقایا جات مرحلہ وار اساس پر ادا کرنے سے بھی اصولی رضا مندی کا اظہار کیا ہے ۔ سرکاری ذرائع نے یہ بات بتائی اور کہا کہ نئے گرام پنچایتوں میں کارڈز کی تعداد کے لحاظ سے راشن شاپس قائم کرنے سے بھی اتفاق کیا گیا ۔ اس سلسلہ میں وزیر سیول سپلائز و فینانس مسٹر ای راجندر کی صدارت میں کابینی سب کمیٹی کا ایک اجلاس طلب کیا گیا تھا ۔ اجلاس میں کابینی وزراء و کابینی سب کمیٹی ارکان مسرس ٹی ہریش راؤ ، وزیر آبپاشی و مارکیٹنگ ، لکشما ریڈی ، وزیر صحت و طبابت اور جوگو رامنا وزیر جنگلات و ماحولیات نے شرکت کی ۔ ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں ریاست کے راشن شاپ ڈیلرس کو دئیے جانے والے کمیشن رقم میں اضافہ کے مسئلہ پر تفصیلی غور و خوص کیا گیا ۔ مختلف ریاستوں میں رائج طریقہ کار سے ریاستی کمشنر سیول سپلائز مسٹر اکون سبھروال نے کابینی وزراء کی سب کمیٹی کو واقف کروایا اور بتایا کہ ریاست کے راشن شاپ ڈیلرس کے کمیشن رقم میں اضافہ کرنے سے حکومت پر عائد ہونے والے زائد مالی بوجھ کی مکمل تفصیلات پر مبنی رپورٹ مرتب کرنے کی متعلقہ عہدیداروں کو کابینی سب کمیٹی نے ہدایات دیں اور رپورٹ کی وصولی کے ساتھ ہی کابینی سب کمیٹی اپنے متفقہ فیصلہ سے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو واقف کروائے گی ۔ جس پر خود چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ جائزہ لیتے ہوئے راشن شاپ ڈیلرس کو فراہم کئے جانے والی کمیشن رقم میں اضافہ کا فیصلہ کر کے باقاعدہ اعلان کریں گے اور پھر اس سلسلہ میں احکامات جاری کئے جائیں گے ۔