حیدرآباد 23 اگسٹ ( آئی این این ) ایک کابینی سب کمیٹی نے راشن ڈیلرس کے کمیشن میں اضافہ کی سفارش کی ہے ۔ یہ کمیٹی راشن شاپ ڈیلرس کے مسائل کا جائزہ لینے تشکیل دی گئی تھی ۔ سب کمیٹی کے سیکریٹریٹ میں اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر فینانس و سیول سپلائز ایٹالہ راجندر نے کہا کہ راشن ڈیلرس کے کمیشن کو فی کیلو 20 پیسے سے بڑھا کر 70 پیسے کردیا جائیگا ۔ اس اضافہ پر یکم ستمبر سے عمل آوری ہوگی ۔ اس کے علاوہ فوڈ سکیوریٹی ایکٹ کے تحت تمام بقایہ جات کی یکم اکٹوبر تک ادائیگی عمل میں لائی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے راشن کے چاول کی بلیک مارکٹنگ کو روکنے کیلئے کئی اقدامات کا آغاز کیا ہے اور اس بات کو یقینی بنایا جائیگا کہ راشن کے چاول کی تقسیم شفاف انداز میں عمل میں لائی جائے ۔