حیدرآباد۔/27ستمبر، ( سیاست نیوز) تلگودیشم پارٹی نے حکومت کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ حکومت دسہرہ تہوار کے موقع پر بھی غریب عوام کو اشیائے مایحتاج فراہم نہیں کررہی ہے جس کی وجہ سے غریب عوام کئی مشکلات و مسائل سے دوچار ہیں۔ مسٹر ایم ستیم آرگنائزنگ سکریٹری تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے یہ بات کہی اور بتایا کہ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آنے تک راشن کارڈز پر راشن شاپس کے ذریعہ کم از کم 9 اشیائے ضروریہ کی فراہمی عمل میں لائی جارہی تھی لیکن آج راشن شاپس کے ذریعہ راشن کارڈز پر کوئی بھی اشیائے ضروریہ فراہم نہیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بتکماں ساڑیوں کی تقسیم عمل میں لانے کیلئے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 220 کروڑ روپئے خرچ کئے لیکن غریب عوام کیلئے انتہائی غیر معیاری صرف 50 روپئے مالیتی ساڑیاں دی گئیں۔ مسٹر ستیم نے حکومت کے ان اقدامات پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے درحقیقت تلنگانہ عوام کی توہین کی ہے۔ اور اس معاملہ میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا الزام عائد کیا۔