حیدرآباد /5 ڈسمبر ( این ایس ایس ) حکومت تلنگانہ نے درج فہرست طبقات و قبائیل اور سماج کے دیگر محروم طبقات کو اصل دھارے میں لانے کی ایک کوشش کے طور پر مناکندور کے دلت رکن اسمبلی و لوک گلوکار راسمائی بالکشن کو ’’ تلنگانہ سانسکرتیکا سارتھی ‘‘ (تلنگانہ تہذیبی ادارہ ) کا صدرنشین مقرر کی ہے ۔ چیف منسٹر کے مہیندر سنگھ راؤ نے اس ضمن میں متعلقہ فائیل پر آج دستخط کی ۔ بعد ازاں اپنے خطاب میں کہا کہ اب وقت آیا ہے کہ ان فنکاروں کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔ جنہوں نے تلنگانہ تحریک میں کلیدی رول ادا کیا تھا ۔ اب تہذیب و روایات کے فروغ کے معاملہ میں سنہرے تلنگانہ کی تعمیر میں بھی اہم رول ادا کرنا ہے ۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تہذیبی سرگرمیوں کیلئے جوبلی ہلز میں واقع تلنگانہ کے ریاستی محکمہ برائے تہذیبی امور کی عمارت کا استعمال کیا جائے ۔ کے سی آر نے کہا کہ فنکاروں کی 500 ٹیمیں بنائی جائیں گی جو تمام اضلاع میں سرگرم رول ادا کریں گی ۔