راحت رسانی کیمپوں کی رپورٹ حکومت یو پی کو پیش

مظفر نگر ۔ 13 ۔ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ضلعی عہدیداروں نے متاثرین فسادات کے راحت رسانی کیمپوں کی صورتحال کے بارے میں حکومت یو پی کو رپورٹ پیش کردی ہے جس میں مظفر نگر فسادات کے متاثرین کی بازآبادکاری اقدامات کا تذکرہ بھی شامل ہے۔ حکومت یو پی کو سپریم کورٹ میں اس سلسلہ میں ایک رپورٹ پیش کرنا ہے چنانچہ اس نے ضلعی عہدیداروں سے یہ رپورٹ طلب کی تھی۔ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کوشل راج شرما نے کہا کہ رپورٹ حکومت یو پی کو روانہ کردی گئی ہے۔

ایک این جی او نے الزام عائد کیا تھا کہ راحت رسانی کیمپوں میں متاثرین فسادات کیلئے مناسب اقدامات کی قلت ہے۔ سپریم کورٹ میں پیش کردہ ایک درخواست کی سماعت 21 جنوری کو مقرر ہے۔ کئی این جی اوز نے ریاستی حکومت پر تنقید کی ہے کہ وہ راحت رسانی کیمپوں میں مقیم متاثرین فسادات کی مناسب بازآبادکاری سے قاصر رہی ہے جس کے نتیجہ میں مبینہ طور پر کیمپوں میں اموات واقع ہوئی ہیں۔ 7 ستمبر اور 20 ڈسمبر 2013 ء کے دوران سردی کی شدت سے 10 سے زیادہ بچے کیمپوں میں اور 20 سے زیادہ اسپتالوں اور نرسنگ ہومس میں جہاں انہیں علاج کیلئے شریک کروایا گیا تھا فوت ہوچکے ہیں۔