حیدرآباد ۔ یکم دسمبر (یو این آئی) تلنگانہ کی حکمران جماعت ٹی آرایس نے سابق رکن پارلیمنٹ ایل راج گوپال کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کی ہے ۔راج گوپال جو اپنے انتخابی سروے کیلئے جانے جاتے ہیں، نے آج کہا تھا کہ ان کے سروے کے مطابق تلنگانہ کے انتخابات میں 8تا دس باغی امیدوار کامیاب ہوں گے ۔ انہوں نے امکانی طورپر کامیاب ہونے والے دو امیدواروں کے نام مبینہ طور پر بتائے تھے ۔ٹی آرایس نے ان کے اس سروے پر دیئے گئے بیان کے خلاف الیکشن کمیشن سے شکایت کی جس میں پارٹی نے کہاکہ راج گوپال نے کمیشن کے قواعد کی خلاف ورزی کی ہے کیونکہ ریاست میں انتخابات کے سلسلہ میں کسی بھی قسم کے سروے پر الیکشن کمیشن نے پابندی لگادی ہے ۔ٹی آرایس نے کہاکہ راج گوپال کانگریس کے لیڈر ہیں جو انتخابی نتائج پر پروپگنڈہ کر رہے ہیں۔