نئی دہلی ۔ /14 جون (سیاست ڈاٹ کام) قومی نشریاتی ادارہ دوردرشن نے راج پتھ پر منعقد شدنی بین الاقوامی یوم یوگا تقریب کو یوم جمہوریہ تقریب کے خطوط پر لائیو ٹیلی کاسٹ کرنے کیلئے منصوبہ تیار کرلیا ہے ۔ اس تقریب میں وزیراعظم نریندر مودی بھی شرکت کریں گے ۔ اقوام متحدہ نے /21 جون کو بین الاقوامی یوم یوگا کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے ۔ ذرائع نے کہا ہے کہ اس ضمن میں قومی دارالحکومت کے راج پتھ پر منعقد شدنی تقریب کے لائیو ٹیلی کاسٹ کیلئے دوردرشن کی طرف سے 20 انتہائی عصری کیمرے نصب کئے جارہے ہیں ۔ دو کیمرے انڈیا گیٹ پر نصب کئے جائیں گے ۔ وجئے چوک سے انڈیا گیٹ تک سارے راج پتھ پر انتہائی بلند ہائیڈرولک کرینس کے ذریعہ دیگر کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔ توقع ہے کہ یوگ آسنا کے اس پروگرام میں عوام کی ریکارڈ تعداد حصہ لے گی ۔ شہ نشین پر 18 کیمرے نصب کئے جائیں گے ۔ تاکہ تمام پروگراموں کی فلمبندی و ٹیلی کاسٹ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ علاوہ ازیں کئی آؤٹ ڈور براڈ کاسٹ ویانس بھی تعینات کی جائیں گی ۔ آل انڈیا ریڈیو نے بھی بین الاقوامی یوم یوگا پر مختلف پروگرامس کے انعقاد اور /21 جون کو راج پتھ پر منعقد شدنی مرکزی تقریب کا آنکھوں دیکھا حال بیان کرنے کا اعلان کیا ہے ۔