راج ٹھاکرے ۔ سلمان خان ملاقات ‘بی جے پی برہم

ممبئی 7 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ایم این ایس کے سربراہ راج ٹھاکرے نے آج بالی ووڈ اداکار سلمان خان سے ملاقات کی جنہیں ٹکر مار کر فرار ہونے کے مقدمہ میں پانچ سال قید کی سزا سنائی ئی تھی ۔ راج ٹھاکرے سلمان سے قریبی تعلقات رکھتے ہیں۔ وہ ان کے گھر گئے اور ان سے ملاقات کی ۔ ایم این ایس سربراہ سے قبل اداکار پروڈیوسر عامر خان نے بھی سلمان خان سے ان کے گھر پہونچ کر ملاقات کی ۔ تاہم برسر اقتدار بی جے پی نے سلمان خان سے راج ٹھاکرے کی ملاقات پر مایوسی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایک سیاستداں ایک ایسے شخص سے ملاقات کیلئے گیا جسے مجرم قرار دیا گیا ہے ۔ یہ کوئی ’’اچھی مثال‘‘ نہیںہے ۔ راج ٹھاکرے فلم ادارکار سے قربت رکھتے ہیں ۔ انہوں نے سلمان خان اور اُن کے ارکان خاندان سے مضافاتی پاش علاقے میں اُن کے گیلکسی اپارٹمنٹ پر ملاقات کی ہے ۔ ذرائع ابلاغ کے بموجب راج ٹھاکرے نے بی جے پی کی برہمی پر کوئی رد عمل ظاہر نہیںکیا۔