راج ناتھ سنگھ کی آج انٹرپول اجلاس میں شرکت

نئی دہلی ۔2نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیرداخلہ راج ناتھ سنگھ کل موناکو میں شروع ہورہے انٹرپول کے جنرل اسمبلی اجلاس میں ہندوستان کی نمائندگی کریں گے ۔ توقع ہے کہ وہ بین الاقوامی اثرات کے حامل بشمول دہشت گردی سے متعلق مقدمات کے سلسلہ میں تعاون طلب کریں گے ۔ وزیرداخلہ چار رکنی وفد کی قیادت کررہے ہیں جو سی بی آئی ڈائرکٹر رنجیت سنہا اور وزارت داخلہ کے دو عہدیداروں پر مشتمل ہیں ۔ واپسی میں وزیرداخلہ اسرائیل کا دورہ کریں گے جہاں دونوں ممالک کے مابین سیکیورٹی تعاون کے کئی معاہدوں پر دستخط ہوں گے ۔ ہندوستان انٹر پول کے جنرل سکریٹریٹ میں مستقل نشست کا بھی مطالبہ کرسکتا ہے کیونکہ قدیم ترین ارکان میں ایک ہونے کے باوجود اس کا کوئی سینئر نمائندہ نہیں ہے ۔ اسرائیل کے دورہ کے موقع پر وزیر داخلہ امکان ہے کہ وزیر بنجامن نتن یاہو سے ملاقات کریں گے ۔ وہ یہ دورہ ایسے وقت کررہے ہیں جب کہ ایک ماہ قبل نتن یاہو اور وزیراعظم نریندر مودی کی نیویارک میں ملاقات ہوئی تھی ۔

نتن یاہو نے اُس وقت کہا تھا کہ دونوں ممالک کے مابین باہمی تعاون کے معاملہ میں آسمان آخری حد ہوگی ۔ نتن یاہو اُن عالمی قائدین میں ایک ہیںجنہوں نے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی پر نریندر مودی کو سب سے پہلے مبارکباد دی تھی ۔ اسرائیل کے قومی سلامتی مشیر جوزف کوہن نے گذشتہ ماہ راج ناتھ سنگھ اور ہندوستانی ہم منصب اجیت ڈوول سے ملاقات کی تھی ۔ ہندوستانی وزیر داخلہ کا جون 2000ء کے بعد یہ پہلا دورہ ہے ۔ جب کہ اُس وقت ایل کے اڈوانی نے تل ابیب کا دورہ کیا تھا اور دونوں ممالک کے مابین باہمی روابط استوار کئے گئے تھے ۔ نریندر مودی نے اقتدار سنبھالتے ہی اسرائیل کے ساتھ باہمی روابط کو کافی اہمیت دی ہے اور دفاعی ہتھیاروں کے سلسلہ میں انہوں نے امریکہ کو بھی نظرانداز کردیا ہے ۔ راج ناتھ سنگھ کا دورہ بھی اسی تناظر میں دیکھا جارہاہے ۔