حیدرآباد۔/26جنوری، ( سیاست نیوز) ریاستی گورنر مسٹر ای ایس ایل نرسمہن و لیڈی گورنر شریمتی ویملا نرسمہن کی جانب سے یوم جمہوریہ کے سلسلہ میں راج بھون کے سبزہ زار پر آج شام عصرانہ ( ایٹ ہوم ) کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس عصرانہ میں ریاست کی نامور شخصیات مرکزی و ریاستی وزراء، ممتاز فلمی شخصیتیں اور مختلف شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیتوں کے علاوہ اعلیٰ آئی اے ایس و آئی پی ایس عہدیداروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مسٹر نرسمہن اور لیڈی گورنر شریمتی ویملا نرسمہن نے راج بھون کے سبزہ زار پر عصرانہ تقریب میں ہر ایک سے فرداً فرداً ملاقات کی۔ اس عصرانہ میں شرکت کرنے والے ممتاز قائدین و شخصیتوں میں ریاستی چیف منسٹر مسٹر این کرن کمار ریڈی،
چیف جسٹس ریاستی ہائی کورٹ جسٹس کلیان جیوتی سین گپتا، صدر نشین ریاستی قانون ساز کونسل ڈاکٹر اے چکرا پانی، اسپیکر ریاستی اسمبلی این منوہر، مرکزی وزراء کے سامبا شیوا راؤ، شریمتی ڈی پورندیشوری، سابق صدر پردیش کانگریس و رکن قانون ساز کونسل مسٹر ڈی سرینواس صدر پردیش کانگریس و وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر بی ستیہ نارائنا، ریاستی وزراء اے رام نارائن ریڈی وزیر فینانس، این رگھو ویرا ریڈی وزیر مال، سید محمد احمد اللہ وزیر اقلیتی بہبود، سی رامچندریا وزیر انڈومنٹ، صدر نشین اے پی ایس آر ٹی سی مسٹر ستیہ نارائنا، ڈی راما نائیڈو ممتاز فلم ڈائرکٹر و سابق ایم پی، محمد عابد رسول خاں صدر نشین ریاستی اقلیتی کمیشن، محمد امتیاز احمد انفارمیشن کمشنر، اے کے خان ڈائرکٹر جنرل اینٹی کرپشن بیورو، محمد علی رفعت آئی اے ایس ریٹائرڈ و رکن ریاستی پبلک سرویس کمیشن، ڈاکٹر پی کے موہنتی ریاستی چیف سکریٹری، بی پرساد راؤ ڈائرکٹر جنرل پولیس، ڈی وینکٹیشور راؤ رکن اسمبلی و دیگر سیاسی قائدین شامل ہیں۔