راجیہ سبھا کے سبکدوش شدنی ارکان سے مودی کا خطاب ، طلاق ثلاثہ پر بحث میں موجود نہ رہنے پر اظہارافسوس

نئی دہلی ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا سے سبکدوش شدنی ارکان کیلئے وزیراعظم کے خطاب میں ایوان کی کارروائی میں ہنگامہ آرائی اور خلل کا تذکرہ بھی شامل رہا۔ جب انہوں نے کہا کہ وہ تین طلاق کو مجرمانہ قرار دینے سے متعلق مسودہ قانون کے بشمول دیگر کئی اہم بلس پر ایوان کے فیصلے سے قبل بحث میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ وزیراعظم مودی نے اپنے مختصر خطاب میں کہا کہ ’’یہ امر بدبختانہ ہوگا کہ سبکدوش شدنی ارکان اس وقت پارلیمنٹ کا حصہ نہیں رہیں گے جب تین طلاق کے مسئلہ پر فیصلہ کیا جائے گا‘‘۔ انہوں نے کہا کہ سبکدوش شدنی ارکان کو اہم مسائل پر تقاریر تیار کرنا چاہئے تاکہ ان کے کارنامہ اور خدمات کو یاد رکھا جاسکے۔ اگر وہ ایسا نہیں کرسکیں گے تو ایوان کی کارروائی کو پرسکون انداز میں چلانے کی ذمہ داری نہ صرف اپوزیشن بلکہ حکومت پر بھی عائد ہوگی۔ مودی نے کہا کہ راجیہ سبھا ایک اعلیٰ اور منفرد ایوان ہے جہاں کئی ممتاز شخصیات خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ہندوستان کی جمہوریت میں اس ایوان نے کلیدی رول ادا کیا ہے۔