حیدرآباد /28 جنوری (سیاست نیوز) راجیہ سبھا کی 6 نشستوں کیلئے 9 امیدواروں نے پرچہ جات نازدگی داخل کئے ، جن میں کانگریس کے دو باغی امیدوار شامل ہیں، تاہم لمحہ آخر میں سابق وزیر جے سی دیواکر ریڈی اپنا پرچہ داخل کرنے سے دستبردار ہوگئے۔ کانگریس سے ایم اے خان، ٹی سبی رام ریڈی اور ڈاکٹر کے وی پی رام چندر راؤ، تلگودیشم سے جے رام موہن راؤ اور ستیہ راما لکشمی، جبکہ ٹی آر ایس سے ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے پرچہ جات نامزدگی داخل کئے ۔ دریں اثناء کانگریس میں کئی ڈرامائی مناظر دیکھے گئے۔ ایس سی طبقہ کے کسی قائد کو امیدوار نہ بنانے پر وزراء اور ارکان اسمبلی نے ناراضگی ظاہر کی، بعد ازاں کونسل میں نمائندگی کے تیقن پر ناراضگی ختم کی۔ علاوہ ازیں کانگریس کے دو قائدین رکن اسمبلی اے پربھاکر ریڈی اور ایم ایل سی چیتنیا راجو نے پارٹی سے بغاوت کرتے ہوئے بحیثیت آزاد امیدوار پرچہ جات نامزدگی داخل کی۔ ذرائع کے بموجب متحدہ آندھرا کی تحریک میں شامل ورزا اور ارکان اسمبلی کی انھیں تائید حاصل ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس ہائی کمان نے صرف تین نشستوں پر مقابلہ کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ چوتھی نشست پر مقابلہ کی بجائے ٹی آر ایس امیدوار ڈاکٹر کے کیشو راؤ کی تائید پر غور کر رہی ہے، تاہم سیما۔ آندھرا قائدین و چیف منسٹر کرن کمار ریڈی اسکے خلاف ہیں۔ وائی ایس آر کانگریس تین نشستوں پر مقابلے میں نہیں ہے، تاہم چوتھی نشست پر مقابلہ کے حق میں ہے۔ آج دن بھر کرن کمار ریڈی اور صدر پردیش کانگریس نے ٹیلیفون پر کانگریس جنرل سکریٹری و انچارج آندھرا پردیش کانگریس امور ڈگ وجے سنگھ سے بات کرکے چوتھی نشست کیلئے مقابلہ کی اجازت طلب کی ۔
اس دوران کانگریس سکریٹری انچارج اور مبصر حیدرآباد پہنچ چکے ہیں، جنھوں نے ارکان اسمبلی کو منانے کی ہر ممکن کوشش کی ہے۔ واضح رہے کہ راجیہ سبھا انتخابات کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آج آخری تاریخ تھی۔ کل پرچہ جات نامزدگی کی جانچ ہوگی اور آزاد امیدواروں کی عدم دستبرداری پر 7 فروری کو رائے دہی ہوگی۔ کرن کمار ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا، صدر پردیش کانگریس ‘گورنمنٹ چیف وہپ جی وینکٹ رمنا ریڈی کے علاوہ ایم ایل سی محمد علی شبیر اور وزیر لیبر ڈی ناگیندر موجود تھے۔ این ٹی آر گھاٹ پر بانی تلگودیشم و خراج پیش کرنے کے بعد تلگودیشم امیدوار جی رام موہن راؤ اور مسز ستیہ راما لکشمی نے اسمبلی پہنچ کر پرچہ جات داخل کئے ۔ ایم ایل سی محمد سلیم کے علاوہ تلگودیشم قائدین موجود تھے۔ ٹی آر ایس امیدوار ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے بھی پرچہ داخل کیا۔ ایم ایل سی محمد محمود علی، ٹی آر ایس ارکان اسمبلی و کونسل موجود تھے۔ جبکہ سی پی آئی کے قائد مقننہ جی ملیش نے ٹی آر ایس امیدوار کی تائید کا اعلان کیا۔ایک آزاد امیدوار جے جے بھاسکر نے بھی پرچہ داخل کیا ۔