راجیہ سبھا کی میزائل شکن سسٹم کے کامیاب تجربہ پر مبارک باد

نئی دہلی، 29دسمبر(سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا نے میزائل حملوں کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھنے والے میزائل سسٹم کے کامیاب تجربہ پر ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن کو مبارک باد دی ہے ۔ چیرمین ایم وینکیا نائیڈو نے آج ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی ارکان کو ڈی آر ڈی او کے ذریعہ بالسٹک میزائل شکن نظام کے کامیاب تجربہ کی اطلاع دی۔ وینکیا نائیڈو نے کہا کہ وہ اپنی طرف سے اور تمام ایوان کی طرف سے تمام سائنس دانوں کو مبارک باد دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ڈی آر ڈی او کے سائنس داں مستقبل میں بھی دفاع کے شعبے میں نئی بلندیاں حاصل کرکے ملک کے صیانتی نظام کو مضبوط بنائیں گے ۔ ڈی آر ڈی او کے سائنس دانوں نے جمعرات کو اوڈیشہ میں واقع ٹسٹ رینج سے اس میزائل شکن نظام کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔ اس میزائل نظام کے کامیاب تجربہ سے ہندوستان اس طرح کی ٹکنالوجی حاصل کرنے والے چند مخصوص ملکوں کے زمرے میں شامل ہوگیا ہے ۔