ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی یقینی، کانگریس کے پاس محض 13 ووٹ
حیدرآباد ۔ 22 ۔مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں راجیہ سبھا کی تین نشستوں کیلئے کل 23 مارچ کو رائے دہی کے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ تین نشستوں کیلئے چار امیدوار میدان میں ہے جن میں تین کا تعلق ٹی آر ایس اور ایک کانگریس سے تعلق رکھتے ہیں۔ تینوں نشستوں کیلئے ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی تقریباً طئے سمجھی جارہی ہے کیونکہ عددی طاقت کے اعتبار سے ٹی آر ایس کو ایوان میں اکثریت حاصل ہے۔ ٹی آر ایس نے ارکان اسمبلی کیلئے آج تلنگانہ بھون میں تمثیلی رائے دہی کا اہتمام کیا۔ پارٹی نے رائے دہی کے سلسلہ میں ہر امیدوار کو ارکان اسمبلی کے الاٹمنٹ کا کام مکمل کرلیا ۔ بی پرکاش کو 33 ، سنتوش کمار 34 اور لنگیا یادو کو 32 ارکان الاٹ کئے گئے ۔ راجیہ سبھا کی نشست کے لئے 30 ارکان کی تائید ضروری ہے ۔ ٹی آر ایس نے 97 ارکان کو تین امیدواروں میں منقسم کردیا۔ ان میں حلیف پارٹی مجلس کے علاوہ کانگریس سے شامل ہونے والے ارکان بھی ہیں۔ تلگو دیشم اور سی پی ایم نے راجیہ سبھا الیکشن سے دوری اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے ، ان کے تین ارکان رائے دہی میں حصہ نہیں لیں گے ۔ بی جے پی کے پانچ ارکان ہیں اور توقع ہے کہ وہ بھی رائے دہی سے دور رہے گی ۔ اس طرح 8 ارکان اسمبلی رائے دہی میں حصہ نہیں لیں گے۔ کانگریس کے ارکان کی تعداد 13 ہیں اور عددی طاقت کے اعتبار سے کانگریس کے امیدوار بلرام نائک کی کامیابی کے امکانات موہوم ہیں۔ کانگریس کے دو ارکان کی رکنیت ختم کردی گئی لہذا ان کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کردیئے گئے۔ وینکٹ ریڈی اور سمپت کمار رائے دہی میں حصہ نہیں لے سکیں گے ۔ الیکشن کمیشن کے پروگرام کے مطابق صبح 9 تا شام 4 بجے رائے دہی کا وقت رہے گا اور 5 بجے ووٹوں کی گنتی ہوگی۔
کانگریس کے بغیر کوئی وفاقی محاذ نہیں ہوسکتا : موئیلی
حیدرآباد 22 مارچ ( پی ٹی آئی ) کانگریس کے بغیر قومی سطح پر کوئی وفاقی محاذ نہیں ہوسکتا ۔ سینئر پارٹی لیڈر ایم ویرپا موئیلی نے آج یہ بات کہی اور اشارہ دیا کہ اس محاذ کی قیادت پر بات چیت ہوسکتی ہے ۔ سابق مرکزی وزیر نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ غیر بی جے پی و غیر کانگریسی محاذ قائم کرنے کی جو بات کر رہے ہیں وہ در اصل مخالف بی جے پی جماعتوں کو تقسیم کرنے کی کوشش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ کی جانب سے وفاقی محاذ کی تجویز اچھی اور قابل خیر مقدم ہے لیکن اس کیلئے تمام جماعتوں کو اعتماد میں لیا جانا چاہئے ۔ ویرپا موئیلی نے کہا کہ کانگریس کے بغیر کوئی وفاقی محاذ نہیں ہوسکتا ۔ کانگریس کو بھی بی جے پی کی صف میں لا کھڑا کرنے سے کوئی مقصد پورا نہیں ہوگا اور نہ ہی اس کوشش سے قومی مقاصد پورے ہوسکیں گے ۔ انہوں نے پی ٹی آئی سے بات چیت کرتے ہوئے اس خیال کا اظہار کیا ۔