راجیہ سبھا میں تین طلاق بل پر ہنگامہ، کارروائی ملتوی

نئی دہلی۔ 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) راجیہ سبھا میں آج تین طلاق بل مسئلہ پر زبردست ہنگامہ ہوا جبکہ ایوان میں مہاراشٹرا کے بھیماکورے گاؤں تشدد کی مذمت کی گئی۔ تین طلاق بل پر بی جے پی نے کانگریس پر الزام عائد کیا کہ وہ بل کو روکنے کی کوشش کررہی ہے جبکہ کانگریس کا کہنا ہے کہ اس بل سے بے سہارا مسلم خواتین کو کوئی مدد نہیں ملے گی۔ تین طلاق بل کو لوک سبھا میں منظور کئے جانے کے بعد راجیہ سبھا میں آج پیش کیا گیا۔ اس مسئلہ پر کانگریس اور بی جے پی کے درمیان جھڑپ ہورہی ہے۔ حکومت چاہتی ہے کہ مسلم خواتین (تحفظ حقوق شادی) بل پر مباحث ہوں۔ اپوزیشن چاہتی ہے کہ اس بل کو تنقیح کیلئے سلیکٹ کمیٹی سے رجوع کیا جائے۔ بل کے مسئلہ پر ہنگامہ آرائی کے دوران ایوان کی کارروائی ملتوی کردی گئی۔