راجیہ سبھا میں آج انشورنس بِل کی پیشکشی

اپوزیشن جماعتوں کو بل کی حمایت و تائید کرنے کی اپیل : ایم وینکیا نائیڈو
حیدرآباد 3 اگسٹ (سیاست نیوز) مرکزی وزیر شہری ترقیات مسٹر ایم وینکیا نائیڈو نے کہاکہ انشورنس بل راجیہ سبھا میں 4 اگسٹ کو پیش کیا جائے گا اور تمام اپوزیشن جماعتوں سے اس بل کی بھرپور تائید کرنے کی پرزور اپیل کی۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر وینکیا نائیڈو نے کہاکہ انشورنس شعبہ میں اصلاحات کی ضرورت کے پیش نظر ہی ایف ڈی آئیز (FDI) کو متعارف کیا جارہا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ فنڈس (رقومات) ، فنکشنس (فرائض)، فنکشنریز (عہدیداروں) یہ تین بھی ادارہ جات مقامی کے لئے فراہم کرنے کیلئے 74 ویں دستوری ترمیمات میں واضح تیقن دیا گیا ہے اور ان ترمیمات پر اس وقت سے روبہ عمل لائے جانے کے باوجود ابھی بھی مزید چند ریاستوں میں کوئی مناسب انداز میں نتائج حاصل نہیں ہوسکے۔ لہذا ادارہ جات مقامی کی کارکردگی میں مزید بہتری کے لئے ان اصلاحات پر ہر کوئی عمل کرنا چاہئے۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے کہاکہ انشورنس شعبہ میں بیرونی سرمایہ کاری کا کانگریس حکومت میں ہی فیصلہ کیا جاچکا ہے اور انشورنس شعبہ میں 26 فیصد سے 49 فیصد تک خصوصی بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ کرتے ہوئے مرکزی حکومت تجویز پیش کی ہے۔ مرکزی وزیر شہری ترقیات نے کہاکہ عوامی ضروریات کے پیش نظر انشورنس شعبہ میں ایف ڈی آئیز کی شدید ضرورت ہے لہذا مجوزہ پیش کی جانے والی انشورنس بل کی بھرپور تائید کرنے کی تمام سے پرزور اپیل کی اور کہاکہ بل پر بحث کیلئے مرکزی حکومت تیار ہے۔ بل پر بروز پیر 4 اگسٹ کو اپوزیشن جماعتوں سے مشاورت کی جائے گی۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے ادارہ جات مقامی کے لئے فنڈس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ فنڈس اکٹھا کرنے کیلئے ادارہ جات مقامی کو ذمہ داری لینا چاہئے۔ اُنھوں نے واضح طور پر کہاکہ ریاست کی تقسیم کے موقع پر ترمیمی بل میں جن نکات کو شامل کیا گیا تھا ان پر من و عن عمل آوری کی مرکزی حکومت پابند ہے۔ مسٹر وینکیا نائیڈو نے اپنے اس خیال کا اظہار کیاکہ ریاست کی تقسیم کے موقع پر آندھراپردیش کے ساتھ انصاف نہیں ہوسکا۔ اُنھوں نے مزید کہاکہ رئیل اسٹیٹ ڈیولپمنٹ بل کو بہت جلد لایا جائے گا اور تلنگانہ چیف منسٹر کو تلنگانہ کی ترقی میں مکمل تعاون کرنے کا تیقن دیا گیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ادارہ جات مقامی کی جانب سے عوام سے ٹیکس کی شکل میں رقومات وصول کرنا ہی اہم بات نہیں ہے بلکہ ان رقومات کا صحیح و بہتر اور شفافیت کے ساتھ استعمال کرنا بہت ضروری ہے۔ غیر مجاز تعمیرات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ ان غیر مجاز تعمیرات کا تدارک کرنا ادارہ جات مقامی کی ذمہ داری ہے۔ مرکزی وزیر شہری ترقیات مسٹر وینکیا نائیڈو نے کہاکہ سیاست بالاتر ہوکر متحدہ طور پر ریاستوں کی ترقی کے لئے کام کرنا چاہئے۔