راجیہ سبھا انتخابات کیلئے 50 ارکان اسمبلی کی تائید کا ادعا

حیدرآباد ۔ 3 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے باغی امیدوار مسٹر اے پربھاکر ریڈی نے کہا کہ راجیہ سبھا انتخابات کے لیے انہیں 50 ارکان اسمبلی کی تائید حاصل ہے اور وہ انتخابی میدان میں موجود ہیں متحدہ آندھرا کے لیے مقابلہ کررہے ہیں لہذا وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور سی پی ایم کے ارکان اسمبلی سے اپیل کرتے ہیں ان کی بھر پور تائید کریں ۔ اسمبلی کے احاطے میں آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ انتخابی میدان میں موجود ہیں ۔ ان کے خلاف من گھڑت الزامات عائد کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ وہ اپنی طرف سے خود مقابلہ نہیں کررہے ہیں بلکہ ارکان اسمبلی نے ان کی تائید کرتے ہوئے انہیں مقابلے میں اتارا ہے ۔ مگر کانگریس کے چند قائدین ان کے خلاف گمراہ کن مہم چلا رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ریاست کو متحد رکھنے کی خواہش رکھنے والے تمام ارکان اسمبلی ان کی تائید کریں اور متحدہ آندھرا کے جذبے کو مرکز سے واقف کرائیں سیما آندھرا کی نمائندگی کرنے والے ارکان اسمبلی کے پاس اپنی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا بہترین موقع موجود ہے ۔ انہوں نے متحدہ آندھرا کی تائید کرنے والی وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور سی پی ایم کے ارکان اسمبلی سے اپیل کی کہ وہ ان کی بھر پور تائید کریں ۔ مسٹر اے پربھاکر ریڈی نے کہا کہ جس طرح اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسمبلی میں تلنگانہ بل کو شکست دی گئی ہے اس طرح ان کی مدد کرتے ہوئے متحدہ آندھرا کے جذبہ کا ثبوت دینا وقت کا تقاضہ ہے ۔ اس معاملے میں بھی تمام ارکان جماعتی وابستگی سے بالاتر ہو کر ان کی تائید کریں ۔۔