چینائی۔/25اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کے قاتلوں کو معاف کردیئے جانے کے ایک فیصلہ کو سپریم کورٹ کے اس فیصلہ کے بعد کہ اسے ایک آئینی بنچ سے رجوع کیا جائے، ملزمین کے ارکان خاندان کو سخت مایوس کیا ہے کیونکہ وہ خوشی خوشی اُن کی رہائی کے منتظر تھے۔ دریں اثناء ایک ملزم جی پیراریولن کی والدہ ارپوتھامل نے اس فیصلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں کچھ بھی سمجھ میں نہیں آرہا ہے کہ وہ سپریم کورٹ کے اس فیصلہ پرکیا کہیں۔ ارپوتھامل اپنے بیٹے کو عدالتی کشاکش سے چھڑانے کیلئے عرصہ دراز سے قانونی جنگ لڑرہی ہیں۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ کے راجیو گاندھی قتل معاملہ کے سات ملزمین کو سزائیں معاف کردینے کے فیصلہ کو آئینی عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ سنایا ہے جس کے بعد حکومت تملناڈو کی جانب سے ملزمین کو آزاد کرنے کا فیصلہ فی الحال ملتوی تصور کیا جائے گا۔