پرکاشم ہال میں قومی سالمیت کمیٹی کے مقابلے ، پنالہ لکشمیا و دیگر کا خطاب
حیدرآباد ۔ 20 ۔ اگست : ( دکن نیوز ) : قومی سالمیت کمیٹی کے زیر اہتمام پرکاشم ہال گاندھی بھون میں سابق وزیر اعظم ہند آنجہانی راجیو گاندھی کی 70 ویں یوم پیدائش کے موقع پر شہر کے طلباء وطالبات اور نوجوانوں کے لیے تقریری و تحریری مقابلوں کے علاوہ مہندی ڈیزائننگ ، رنگولی ، انتاکشری و دیگر مقابلے منعقد ہوئے ۔ جس میں طالبات نے بڑی تعداد میں حصہ لیا ۔ آج اس تقریب میں تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی صدر مسٹر پی لکشمیا مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی اور ان ہی کے ہاتھوں طلباء و طالبات میں اسنادات و انعامات کی تقسیم عمل میں لائی گئی ۔ ایس کے افضل الدین صدر قومی سالمیت کمیٹی نے صدارت کی ۔ اس موقع پر رنگا رنگ تہذیبی پروگرام بھی منعقد ہوا ۔ جس میں مزاحیہ فنکار قادر شریف ، ممکری اشوک ، کے ایل مکیش نے حصہ لیا ۔ جنہوں نے مختلف مزاحیہ خاکے پیش کرتے ہوئے محفل کو قہقہہ زار کردیا ۔
واضح رہے کہ قومی سالمیت کمیٹی کی جانب سے گذشتہ 30 برسوں سے راجیو گاندھی کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان سے اظہار یگانگت اور نئی نسل کو ان کے کارناموں سے واقف کروانے کا سلسلہ کمیٹی جاری رکھی ہوئی ہے ۔ مسٹر پی لکشمیا نے راجیو گاندھی کی سماجی و سیاسی زندگی کا احاطہ کیا اور کہا کہ وہ وزیر اعظم کے عہدہ پر فائز ہونے سے قبل ہی بلالحاظ مذہب و ملت افراد کی خدمات کے لیے کوئی کسر باقی نہ رکھا ۔ مسٹر ایس کے افضل الدین نے راجیو گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بعد از مرگ محترمہ سونیا گاندھی نے جب ملک و پارٹی کی باگ دوڑ سنبھالی تو ان کا ہر جانب سے استقبال کیا گیا اور جو کام راجیو گاندھی نے اپنے دور اقتدار میں چھوڑے اسے ان کی شریک حیات نے پورا کیا ۔ جنرل سکریٹری ڈاکٹر ایم اے انصاری نے خیر مقدم کیا ۔ مسٹر ونود ریڈی پی سی سی ترجمان ، ایم آر ستیہ ریڈی ، عبدالطیف ظفر کانگریس قائد ، اعجاز الزماں ، شاہد صدیقی ، مختار احمد فردین نے راجیو گاندھی کے کارناموں پر روشنی ڈالی ۔ سید نعیم حسین ، ایس کے نذیر احمد ، محمد فیاض ، محمد خورشید علی و دیگر نے اس پروگرام میں حصہ لیا ۔ محترمہ عرشیہ عامرہ نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا ۔۔