آنجہانی قائد کی برسی ، مجسمہ پر گلہائے عقیدت ، بلڈ ڈونیشن ، کانگریس قائدین کی شرکت
حیدرآباد ۔ 21 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : آنجہانی راجیو گاندھی کی 27 ویں برسی کے موقع پر کانگریس کے قائدین نے انہیں بھر پور خراج عقیدت پیش کیا ۔ پنجہ گٹہ مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کیا گیا ۔ یوتھ کانگریس کی جانب سے گاندھی بھون میں بلڈ کیمپ کا اہتمام کیا گیا ۔ صدر پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے راجیو گاندھی کی خدمات کو ملک کے لیے باعث فخر قرار دیا ۔ گاندھی بھون میں منعقدہ تقریب میں قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر سابق صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی پنالہ لکشمیا سابق وزراء ڈی ناگیندر ، سبیتا اندرا ریڈی سابق رکن پارلیمنٹ انجن کمار یادو جنرل سکریٹری تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ایس کے افضل الدین سکریٹری سید یوسف ہاشمی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی محمد خواجہ فخر الدین ، کانگریس کے قائدین میں سید شوکت رحمت علی ، محمد امتیاز کے علاوہ دوسرے موجود تھے ۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ چھوٹی عمر میں ملک کے وزیراعظم بننے والے آنجہانی راجیو گاندھی نے بڑے پیمانے پر اصلاحات لاتے ہوئے ہندوستان کو طاقتور ممالک کی فہرست میں شمار کردیا ۔ گاندھی خاندان نے اپنے آپ کو ملک کے لیے وقف کردیا اور زندگیاں قربان کرنے سے بھی گریز نہیں کیا موجودہ حکمران ملک کو فرقہ واری اساس پر تقسیم کررہے ہیں ۔ گاندھی خاندان کے کارناموں کو تاریخ سے مسخ کرنے کی منظم سازش کررہے ہیں ۔ فرقہ پرستوں کی لاکھوں کوششوں کے باوجود راجیو گاندھی عوام کے دلوں میں باقی رہیں گے ۔ انہوں نے کانگریس کارکنوں کو مرکز اور ریاست میں کانگریس پارٹی کو اقتدار میں لانے راہول گاندھی کو وزیراعظم بنانے کے لیے کمر بستہ ہوجانے کا مشورہ دیا ۔ بی جے پی اور ٹی آر ایس کو اقتدار سے بیدخل کرنے کے لیے تیار ہوجانے پر زور دیا ۔ مقامی اداروں کو مستحکم بنانے اور اختیارات دینے کا اعزاز راجیو گاندھی کو ہونے کا دعویٰ کیا ۔ حیدرآباد سے راجیو گاندھی نے جو سدبھاونا یاترا کا اہتمام کیا تھا وہ ناقابل فراموش ہے ۔ قائد اپوزیشن تلنگانہ قانون ساز کونسل محمد علی شبیر نے کہا کہ راجیو گاندھی نے جہاں اصلاحات لاتے ہوئے مقامی اداروں کو مستحکم کیا وہیں خواتین کو تحفظات فراہم کرتے ہوئے سیاست میں خواتین کی حصہ داری کو بڑھائی ہے ۔ ملک میں آئی ٹی اور ٹکنالوجی کی ترقی میں جو رول ادا کیا ہے وہ ناقابل فراموش ہے ۔ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی کے قومی صدر امیت شاہ دستور کی خلاف ورزی کررہے ہیں ۔ سکریٹری اے آئی سی سی و سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے ملک اور ریاست کے عوام کو بی جے پی اور ٹی آر ایس کے چنگل سے آزادکرانے کے لیے تمام کانگریس قائدین کو متحدہ طور پر کام کرنے کا مشورہ دیا ۔ کانگریس کو اقتدار میں لانے کے بعد چیف منسٹر امیدوار کا صدر کانگریس راہول گاندھی کی جانب سے انتخاب کرنے کا دعویٰ کیا ۔ صدر تلنگانہ یوتھ کانگریس انیل کمار یادو نے گاندھی بھون میں خون کے عطیہ کیمپ کا اہتمام کیا ۔۔