راجیو گاندھی قتل معاملہ:نلنی کی قبل از وقت رہائی کی درخواست مسترد

چینئی27اپریل (سیاست ڈاٹ کام )مدراس ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی قتل کی سازش میں شامل اور اس معاملے میں جیل میں بند نلنی سری ہرن کی قبل از وقت رہائی کی عرضی کو آج مسترد کردیا۔نلنی نے جیل میں 25 سال کی سزا بھگتنے سے متعلق اصول کی بنیاد پر قبل از وقت رہائی کے لئے عرضی دائر کی تھی۔ جسٹس کے کے ششی دھرن اور جسٹس آر سبرامنیم کی بنچ نے یہ کہتے ہوئے نلنی کی عرضی مسترد کردی کہ معاملہ پہلے سے سپریم کورٹ میں ہے اسلئے ہائیکورٹ اس میں مداخلت نہیں کرے گا۔ہائیکورٹ کے اس فیصلے پر ردعمل کرتے ہوئے نلنی کے وکیل نے کہا کہ وہ اس معاملے میں سپریم کورٹ میں اپیل کرینگے ۔ نلنی اس وقت تملناڈو کی ویلو ر جیل میں بند ہے۔ جسٹس ایم ستیہ نارائن نے 1994 کی ریاستی حکومت کی ایک اسکیم کے تحت(جس میں گورنر کے پاس معافی دینے کے اختیارات ہیں) دائر کردہ عرضی کو مسترد کردیا ۔