راجیو گاندھی سدبھاونا یاترا، غلام نبی آزاد کو ایوارڈ

حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : راجیو گاندھی سدبھاونا یاترا یادگار کمیٹی نے سلور جوبلی تقریب کے موقع پر قائد اپوزیشن راجیہ سبھا مسٹر غلام نبی آزاد کو ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ صدر راجیو گاندھی سدبھاونا یاترا یادگار کمیٹی مسٹر جی نرنجن نے کہا کہ 25 سال قبل اڈوانی کی یاترا اور منڈل کمیشن کے تنازعہ سے ملک میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوگئی تھی ۔ ملک کی عوام میں آپسی اتحاد اور میل ملاپ بڑھانے کی غرص سے سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی نے حیدرآباد کے تاریخی چارمینار پر 19 اکٹوبر 1990 کو کانگریس پارٹی کا پرچم کشائی کرتے ہوئے اپنی یاترا کا آغاز کیا تھا ۔ اس کی یادگار اور آنجہانی راجیو گاندھی کے خوابوں کی تعبیر کے لیے راجیو گاندھی سدبھاونا یاترا کمیٹی کی جانب سے چارمینار کے دامن میں تقریب کا اہتمام کرتے ہوئے ہندو مسلم اتحاد اور امن و امان کے لیے خدمات انجام دینے والی شخصیتوں کو ایوارڈ پیش کیا تھا ۔ اس مرتبہ کمیٹی نے قائد اپوزیشن راجیہ سبھا مسٹر غلام نبی آزاد کو ایوارڈ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔۔