راجیا کی برطرفی کے خلاف مادیگا طبقہ کا احتجاج

حیدرآباد29 جنوری ( سیاست نیوز) ڈاکٹر راجیا کو ڈپٹی چیف منسٹر عہدے سے برطرف کرنے کے خلاف مادیگا ریزرویشن پوراٹا سمیتی نے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راو کو ہدف ملامت بنایا اور بڑے پیمانے پر احتجاجی پروگرام منظم کرنے کا اعلان کیا ۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بانی صدر مادیگا ریزرویشن پوراٹا سمیتی مسٹر کرشنا مادیگا نے چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر چندرا شیکھر راو کی آمریت کے خلاف سخت انتباہ دیا اور کہا کہ اپنے آمرانہ طرز عمل سے باز آجائیں بصورت دیگر ریاست تلنگانہ کے تمام دلت طبقات کی جانب سے ٹی آر ایس حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاج منظم کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر چندر شیکھر راو کے آمرانہ طرز عمل پر مبنی فیصلوں سے ریاست تلنگانہ کو نقصان پہونچنے کا خدشہ لاحق ہے ۔ مسٹر کرشنا مادیگا نے مزید کہا کہ کے سی آر کے خلاف شروع کی جانے والی جدوجہد کے مسئلہ پر 30 جنوری کو ورنگل میں ایک اہم اجلاس منعقد کر کے آئندہ کے لائحہ عمل کو قطعیت دی جائے گی ۔