چینائی ۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) راجہ جی ہال چینائی میں جہاں آنجہانی صدر ڈی ایم کے ایم کروناندھی کی باقیات آخری دیدار کیلئے رکھی گئی تھی، بھگدڑ جیسی صورتحال پیدا ہوگئی۔ کئی حضرات و خواتین زخمی ہوگئے جبکہ وہ بھگدڑ کے دوران چکرا گر پڑے۔ بے چینی کے لمحات میں کارگذار صدر ڈی ایم کے ایم کے اسٹالن نے حاضرین سے اپیل کی کہ وہ خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد پرامن طریقہ سے منتشر ہوجائیں۔ جب ہجوم میں دوپہر تک کئی گنا اضافہ ہوگیا تو اس مقام پر کھڑی کی گئی رکاوٹوں کو توڑ دیا گیا اور ہجوم جلد از جلد آخری دیدار کیلئے ہال میں گھسنے لگا۔
بارہمولہ میں چار عسکریت پسندوں کو گولی مار دی گئی
سرینگر ۔ 8 اگست (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے ضلع بارہمولہ کی جنگلات میں پیش آئے ایک انکاؤنٹر میں سیکوریٹی فورسیس نے چار عسکریت پسندوں کو گولی مار کر ہلاک کردیا۔ اس کارروائی میں ایک سپاہی بھی زخمی ہوا ہے۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہا کہ سیکوریٹی فورسیس رفیع آباد کے لڈورہ جنگلات میں کارروائی کا آغاز کیا تھا۔ تلاشی مہم کے دوران فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا، جس میں چار عسکریت پسند ہلاک اور ایک سپاہی زخمی ہوا ہے۔