راجوری میں دراندازی کی کوشش ناکام

سکیورٹی فورسیس اور چند عسکریت پسندوں کے درمیان فائرنگ
جموں ۔ 28 مارچ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) جموں و کشمیر کے سیکٹر راجوری میں خطِ قبضہ پر گزشتہ چار پانچ دن سے دراندازی کی کوششیں جاری ہیں ، سکیورٹی فورسیس اور بعض عسکریت پسندوں کے درمیان آج گھمسان لڑائی ہوئی اور فوج نے دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنایا ۔ گزشتہ چند دنوں کی تلاشی مہم کے بعد راجوری کے سندربنی تحصیل میں عسکریت پسندوں کے ایک گروپ کو پکڑ لیاگیا ہے۔ سکیورٹی فورسیس اور عسکریت پسندوں کے درمیان جاری انکاؤنٹر کے بیچ حکام نے ان اطلاعات کو مسترد کردیا کہ سی آر پی ایف کیمپ پر ایک دہشت گرد حملہ ہوا ہے۔ لیکن سرحدوں کے اطراف رہنے والے تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیاہے ۔ احتیاطی اقدامات کے طورپر اس تحصیل علاقہ میں سکیورٹی فورسیس نے سخت اقدامات کئے ہیں۔ نوشیرا ، سندربنی پٹی پر انکاؤنٹر جیسے ہی شروع ہوا دراندازی کی کوشش کرنے والے عسکریت پسندوں کو روکنے سکیورٹی فورسیس نے آج شدید فائرنگ کی۔ جموں اینڈ کشمیر ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ایس پی وید نے کہا کہ سکیورٹی فورسیس نے اس انکاؤنٹر کے ذریعہ عسکریت پسندوں کی سرحد عبور کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا ہے ۔ انھوں نے اس افواہ کو مسترد کردیا کہ فوج پر حملہ کیا گیاہے ۔ راجوری سپرنٹنڈنٹ پولیس یوگل منہس نے کہاکہ سندربنی سی آر پی ایف کیمپ کے باہر اسلحہ وگولہ بارود دھماکو اشیاء سے بھرے ہوئے تین بیاگوں کو برآمد کرلیاگیا ہے ۔ پولیس اور سکیورٹی فورسیس کی جانب سے اس علاقہ میں گزشتہ چار پانچ دن کے دوران تلاشی مہم شروع کی گئی تھی اور شبہ کیا جارہا تھا کہ عسکریت پسندوں نے اس علاقہ میں دراندازی کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے لیکن پولیس نے سی آر پی ایف کیمپ پر حملے کی اطلاعات کو مسترد کردیا ۔ سی آر پی ایف پی آر او اشیش کمار جھا نے کہاکہ سُندربنی میں نیم فوجی دستوں کے کیمپ پر اس طرح کا حملہ ہوا ہے ، لیکن چوکس فوج نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے ناکام بنادیا۔