سری نگر،24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) جموں کشمیر کے راجوری اور پونچھ اضلاع میں لائن آف کنٹرول کے سندر بنی اور کرشنا گاٹھی سیکٹروں میں بھارت اور پاکستان کے افواج کے درمیان ایک بار پھر گو لہ باری کا تبادلہ ہوا۔دفاعی ترجمان نے یہاں بتایا ‘پاکستانی فوج نے جمعرات کی صبح قریب 9 بجکر 15 منٹ پر راجوری کے سندربنی سیکٹر میں بھارتی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناکر فائرنگ کی’۔ انہوں نے بتایا ‘ہمارے فوجیوں نے سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا۔ فائرنگ کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا’۔دریں اثنا پاکستانی فوج کی طرف سے پونچھ کے کرشنا گاٹھی سیکٹر میں بھی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی ہے ۔یو این آئی کو ذرائع سے معلوم ہوا کہ پونچھ ضلع کے کرشنا گاٹھی سیکٹر میں حدمتارکہ پر بدھ کی دوپہر کو بھارت اور پاکستان کے افواج کے درمیا ن گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک رہائشی مکان کو جزوی نقصان پہنچا۔
شہریت بل پر منی پور وزیراعلیٰ کی تمام پارٹیوں کے ساتھ مشاورت
امپھال ۔ 24جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ریاست بھر میں جاریہ احتجاج کے دوران منی پور چیف منسٹر بیرن سنگھ نے شہریت ترمیمی بل پر مشاورت کیلئے تمام سیاسی پارٹیوں کا 29جنوری کو اجلاس طلب کیا ہے ۔ ریاست میں بی جے پی زیر قیادت نیشنل پیپلز فرنٹ ،ناگا پیپلز فرنٹ اور لوک جن شکتی پر مشتمل متحدہ حکومت زیراقتدار ہے ۔ اس دوران ریاست کے مختلف مقامات پر اس بل کے خلاف شدید مظاہرے جاری ہیں تاکہ اس کو واپس لیا جائے ۔ چیف منسٹر پہلے ہی کہہ چکے ہیں اس بل کا ریاست پر کچھ بھی اثر نہیں پڑے گا ۔