راجوری اور پونچھ میں ایل او سی پر فائرنگ، ایک زخمی

جموں۔5 مئی ۔(سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے راجوری اور پونچھ اضلاع میں لائن آف کنٹرول پر اتوار کے روز ہندوستان و پاکستان کی افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ ہوا جس میں سرحد کے اس پار محمد معروف نامی ایک شہری زخمی ہوگیا۔دفاعی ترجمان نے بتایا کہ پاکستان افواج نے اتوار کی صبح قریب گیارہ بجے ضلع راجوری کے کیری سیکٹر اور ضلع پونچھ کے کرشنا گاٹھی سیکٹر میں بھارتی فوج اور سرحدی دیہات کو نشانہ بناکر فائرنگ کی۔انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے ہلکے ہتھیاروں کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہماری فوج پاکستان کی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دے رہی ہے ۔ راجوری کے کیری سیکٹر میں پاکستانی فائرنگ سے ایک شہری زخمی ہوا ۔