نئی دہلی 25 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) ریزرو بینک آف انڈیا کے گورنر رگھو رام راجن کی جانب سے دوسری معیاد کو قبول نہ کرنے کے فیصلے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے سابق گورنر آر بی آئی ڈی سبا راؤ نے آج کہا کہ اگر راجن اس عہدہ پر برقرار رہتے تو ملک میں میکرو اکنامک مینجمنٹ میں زبردست مدد مل سکتی تھی ۔ سبا راؤ نے ایک ٹی وی چینل پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہہ سکتے ہیں کہ انہیں گورنررگھو رام راجن کے فیصلے پر حیرت ہوئی ہے جنہوں نے دوسری معیاد قبول کرنے سے انکار کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خیال میں رگھو رام راجن نے بہترین کام کیا ہے اور اگر وہ اس عہدہ پر برقرار رہتے تو پھر ملک میں میکرو اکنامک مینجمنٹ میں زبردست فائدہ ہوتا ۔ اس سوال پر کہ ان کے خیال میں آر بی آئی گورنر کے عہدہ کیلئے کون موزوں ہوسکتے ہیں سبا راؤ نے کہا کہ اگر کوئی شخص معاشی پس منظر نہیں بھی رکھتا ہے لیکن اس کے پاس بہتر انٹلی جنس اور قائدانہ صلاحیتیں ہوں تو وہ ریزرو بینک آف انڈیا کی ذمہداری سنبھال سکتا ہے ۔ ایسے میں اس خیال کو زیادہ آگے بڑھانے کی ضرورت نہیںہے کہ صرف ماہر معاشیات ہی گورنر آر بی آئی ہونا چاہئے ۔ بہتر صلاحیت کا حامل کوئی بھی شخص یہاں ذمہ داری نبھاسکتا ہے ۔