حیدرآباد /20 مارچ ( سیاست نیوز ) راجندر نگر کے علاقہ میں پیش آئے آتشزدگی واقعہ میں تقریباً 30 جھونپڑیاں جل کر خاکستر ہوگئیں ۔ تاہم اس واقعہ میں کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرگوڑہ اے بی کالونی میں واقعہ جھونپڑپٹی علاقہ میں آج صبح اچانک ایک جھونپڑی میں آگ بھڑک اٹھی جس پر قابو پانے کی کوشش کے دوران ایک سے زائد جھونڑیوں تک آگ پھیل گئی اور تقریباً 30 جھونپڑیوں کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ اس سے قبل کے فائر بریگیڈ عملہ مقام واردات پر پہونچتا اس وقت تک جھونپڑیاں جھلسکر خاکستر ہوگئیں تھیں ۔ اس خصوص میں انسپکٹر راجندر نگر مسٹر وینکٹ ریڈی نے بتایا کہ ایک جھونپڑی سے آگ بھڑک اٹھی اور دوسری جھنوپڑیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس آگ لگنے کی وجوہات کا پتہ چلانے میں مصروف ہے۔ پولیس سمجھتی ہے کہ جھونپڑیوں میں پکوان کے بعد جو لاپرواہی سے لکڑی و تیل کے اسٹو کو جھوڑ دیا جاتا ہے اس کے سبب بھی آگ لگ سکتی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس علاقہ میں وجئے نگرم ، سریکاکلم اور ریاست اڑیسہ سے آئے ہوئے عوام زندگی بسر کرتے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے اس خصوص میں مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔