نئی دہلی 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق دہلی ہائیکورٹ چیف جسٹس راجندر سچر نے سیکولرازم لفظ کے بیجا استعمال کے بارے میں وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ کے ریمارکس کو ’’نامعقول‘‘ قرار دیا۔ انھوں نے اس بات پر تعجب کا اظہار کیاکہ بی جے پی قائدین نے بہار شکست کے باوجود کوئی سبق نہیں سیکھا ہے۔ جسٹس راجندر سچر نے کہاکہ راجناتھ سنگھ کے مطابق سیکولرازم اور سوشلزم الفاظ بعد میں دستور میں شامل کئے گئے، انھوں نے کہاکہ سوال یہ ہے کہ یہ دستور کا حصہ ہیں یا نہیں۔ انھیں حیرت ہے کہ راجناتھ سنگھ بھی اس طرح کا نامعقول بیان دے سکتے ہیں۔ مشہور شاعر اشوک واجپائی نے بھی حکمراں جماعت پر شدید تنقید کی اور کہاکہ انھوں نے سب سے زیادہ استعمال کئے جانے والے الفاظ کی توہین کی ہے۔