سرینگر 28 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جموں و کشمیر کے سابق چیف منسٹر عمر عبداللہ نے آج کہاکہ یہ اچھی بات ہے کہ وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ سارک وزرائے کانفرنس کے لئے پاکستان کا دورہ کررہے ہیں۔ اس موقع پر دونوں ممالک کو ایک دوسرے سے بات چیت کی ضرورت ہے۔ عمر عبداللہ نے ٹوئٹر پر لکھا ہے کہ ایک اچھی بات ہے کہ وزیرداخلہ پاکستان جائیں گے ہم کو پاکستان کے ساتھ روابط برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔ راجناتھ سنگھ 3 اگسٹ سے شروع ہونے والی سارک وزراء کی کانفرنس میں شرکت کے لئے دو روزہ اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔ عمر عبداللہ نے اپنے قبل ازیں ٹوئٹر پر لکھے بیان میں چیف منسٹر جموں و کشمیر محبوبہ مفتی پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ وادی کشمیر میں حالات نازک ہیں اور محبوبہ مفتی کی طرز زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں دیکھی جارہی ہے۔ بظاہر وہ محبوبہ مفتی کی اس تصویر کا حوالہ دے رہے تھے جب وہ پی ڈی پی آفس کی جانب مسکراتے ہوئے جارہی تھیں۔