راجستھان کے کسان کو بلی کا بکرا بنا دینے کا الزام

احمدآباد ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عام آدمی پارٹی سے خارج کردہ لیڈر آنند کمار نے آج جنترمنتر نئی دہلی میں راجستھان کے ایک کسان کی خودکشی کے واقعہ پر پارٹی قیادت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ ایک معصوم کسان تھا، جسے بلی کا بکرا بنایا گیا۔ پروفیسر کمار کو پرشانت بھوشن اور یوگیندر یادو کے ساتھ عام آدمی پارٹی سے خارج کردیا تھا۔ انہوں نے اروند کجریوال پر بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بعض قائدین پارٹی میں شخصیت پرستی کو فروغ دے رہے ہیں جس کے باعث اصول پسندوں اور مفاد پرستوں میں تنازعہ پیدا ہوگیا چونکہ ہم ایک سیاسی متبادل پیش کرنا چاہتے تھے لیکن بعض لوگ اس میں رکاوٹ بن گئے تھے جن کی کارستانی سے پارٹی میں اختلافات شدت اختیار کر گئے تھے اور ہمیں اس کا نشانہ بنایا گیا لیکن ہمیں باغی قراردینا مناسب نہیں ہے۔

اسمارٹ شہروں میں 2 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری : وینکیا نائیڈو
نئی دہلی ۔ 30 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر وینکیا نائیڈو نے آج کہا کہ ملک گیر سطح پر شہری علاقوں کی ترقی کیلئے کم از کم 2 لاکھ کروڑ کی سرمایہ کاری متوقع ہے، جس میں نصف رقم ریاستوں اور مجالس مقامی سے آئے گی۔ مرکزی کابینہ نے کل حکومت کے فلیگ شپ 100 اسمارٹ شہروں کے پراجکٹ اور اربن رینول مشن کو ایک لاکھ کروڑ کے منصوبہ مصارف سے منظوری دیدی تھی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے اس اقدام سے شہروں میں معیار زندگی کو بہترین بنایا جاسکتا ہے۔