راجستھان کے وزیر کو بھی سوائن فلو

جئے پور ، 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر اشوک گہلوٹ کے بعد راجستھان کے وزیر داخلہ گلاب چند کٹاریا کا بھی سوائن فلو ٹسٹ آج مثبت پایا گیا ہے۔ کٹاریا کا ادے پور میں H1N1 وائرس کیلئے ٹسٹ مثبت پایا اور وہ اسی شہر میں اپنی قیامگاہ میں آرام کررہے ہیں، اُن کے پرسنل سکریٹری نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو ٹیلی فون پر یہ بات بتائی۔ کٹاریا ایک روز قبل شادی تقریب میں شرکت کے بعد ادے پور گئے تھے کہ اُن میں سردی، کھانسی اور گلے میں خراش کے آثار ظاہر ہوئے جس پر انھیں ادے پور میڈیکل کالج کی جانب سے فوری H1N1 ٹسٹ کرانے کا مشورہ دیا گیا۔ دریں اثناء راجستھان میں مزید 10 افراد سوائن فلو کا شکار ہوگئے جس سے رواں سال اس مرض کی وجہ سے اموات کی تعداد بڑھ کر 49 ہوگئی ہے۔