جیسلمیر 8 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )فوج نے سوپر سانک برہموس کروز مزائیل کی چندھن میدان سے جو راجستھان کے شہر جیسلمیر میں پوکھرن کے قریب واقع فائرنگ رینج ہے کامیاب آزمائشی پرواز کی۔ 290 کیلو میٹر فاصلے تک برہموس کی یہ پرواز 2.8 ماچ کی رفتار سے تھی ۔ یہ مزائیل 300 کیلو گرام وزن تک روایتی وار ہیڈ منتقل کرنے کے قابل ہے۔ اس مزائیل کی آزمائشی پرواز کثیر جہتی پلیٹ فارمس بشمول زمین،سمندر، زیلی سمندر اور فضا سے کی جاچکی ہے۔ یہ مزائیل تقریبا 55 کیلو میٹر کے فاصلے پر موجود ہدف پر بھی اجاسر کے علاقہ میں نشانہ لگا چکا ہے۔ برہموس مزائیل گہرائی تک دھسنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اسے موبائیل خود اختیار لانچر سے داغا گیا تھاجسے پورے ساز و سامان کے ساتھ تعینات کیا گیا تھااور ایک متحرک کمان چوکی سے داغا گیا تھا۔ یہ آزمائشی پرواز پیچیدہ سافٹ ویر کے مزائیل سسٹم کو بہتر بنانے کے بعد کی گئی ۔ اسے ایک چیلنج سے بھر پور پرواز قرار دیا جارہا ہے ۔ ڈیفنس ریسرچ ڈیولپمنٹ آرگنائزیشن (ڈی آر ڈی او ) کے عہدیدار نے کہا کہ مزائیل نے کامیابی سے مقررہ ہدف پر وار کیا ۔ محکمہ دفاع کے ترجمان کرنل ایس وی گوسوامی نے کہا کہ آزمائشی پرواز کا مشاہدہ فوج اور فضائیہ کے سینئر عہدیداروں نے کیا۔ باخبر ذرائع کے بموجب فوج نے اس مزائیل کو اپنی دو ریجمنٹس میں شامل کرلیا ہے اور جاریہ سال کے ختم تک تیسری ریجمنٹ میں بھی شامل کرنے کی تیاری میں ہے۔برہموس ایرو اسپیس منصوبے کے مطابق یہ مزائیل ہندوستانی فضائیہ کو 2015 میں حوالہ کردیا جائے گا جہاں توقع ہے کہ کم از کم تین اسکوارڈرنس کو اس مزائیل سے آراستہ کیا جائے گا ۔ ایک نیا زیادہ چھوٹا فضاء میں پرواز کرنے والا برہموس بھی تیار کیا جارہا ہے ۔ یہ مزائیل سکھوئی ایس یو۔ 30 ایم کے آئی ، مائیریج ۔ 2000 فیوچر میں بھی نصب کیا جائے گا۔ دسالٹ رافیل اور بحریہ کے مگ ۔ 29 کے طیاروں میں بھی اسے نصب کیا جائے گا ۔