جئے پور ۔ 25 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) گزشتہ ایک سال کے دوران وسندھرا راجے سندھیا حکومت کے منصوبوں اور کامیابیوں کی ستائش کرتے ہوئے ریاستی گورنر کلیان سنگھ نے آج کہا کہ حکومت ریاست کی ہمہ گیر ترقی کے عہد پر کاربند ہے۔ اسمبلی بجٹ اجلاس سے مخاطب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ ترقی اور تعمیراتی سرگرمیوں کے علاوہ راجستھان نے پنچایت راج انتخابات میں امیدواروں کیلئے تعلیمی قابلیت کا لزوم عائد کرتے ہوئے ایک مثال قائم کردی ہے اور راجستھان بہت جلد تمام شعبوں میں ترقی کرتے ہوئے ملک بھر میں سرفہرست ہوجائے گا۔
نکسلائٹس تشدد میں نمایاں کمی
نئی دہلی ۔ 25 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج راجیہ سبھا میں بتایا کہ گزشتہ 4 سال کے دوران نکسلائٹس تشدد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے اور مشترکہ کارروائی کے ذریعہ اس خطرہ سے کامیابی کے ساتھ نمٹا جارہا ہے ۔ مملکتی وزیر داخلہ ایچ پی چودھری نے وقفہ صفر میں بتایا کہ سال 2011 ء م یں بائیں بازو کی انتہا پسندی کے تشدد میں 1,760 واقعات اور 611 اموات پیش آئیں اور بالترتیب سال 2012 ء میں 1,145 اور 415 سال 2013 ء میں 1,136 اور 397 سال 2014 میں 1,090 اور 309 واقعات اور اموات درج کئے گئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ حکومت نے نکسلائٹس خطرہ سے نمٹنے کیلئے مربوط رویہ اختیار کیا ہے اور متاثرہ علاقوں میں ترقی اور سلامتی پر توجہ جاری ہے ۔