راجستھان میں 5 نوجوانوں نے قومی پرچم پھاڑ دیا

جئے پور 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے ٹاؤن بچون میں یوم جمہوریہ کے موقع پر ایک سرکاری اسکول پر لہرائے گئے پرچم کو دو کمسن لڑکوں کے بشمول پانچ نوجوانوں نے پھاڑ دیا۔ جئے پور سے 50 کیلو میٹر دور واقع اس ٹاؤن کی پولیس نے بتایا کہ 3 ملزمین کی شناخت 20 سالہ مشتاق علی، 18 سالہ اکبر علی اور 18 سالہ فیروز علی کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ یہ لوگ منشیات کا استعمال کررہے تھے اور اس غرض سے انھوں نے کل شام قومی پرچم کو نیچے اُتارنے کے بعد اس کا کپڑا استعمال کیا۔ ایس پی جئے پور (دیہی) رامیشور سنگھ نے ان نوجوانوں سے پوچھ گچھ کی۔ دو کمسن لڑکوں کی عمر 13 اور 14 سال بتائی گئی ہے۔ ان دونوں نے بھی پرچم کا ایک ٹکڑا اُٹھالیا اور اس کو نقصان پہونچایا۔ مقامی افراد کی اطلاع پر ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات قومی پرچم کی بے حرمتی قانون 1971 کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ ایڈیشنل ایس پی دوڈ سنجے گپتا نے کہاکہ ان نوجوانوں کو کل رات حراست میں لے لیا گیا۔