بکانیر (راجستھان) ۔ 23 جون (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعلیٰ وسندھرا راجے سندھیا نے راجستھان کی کولایت تحصیل میں ایک موضع کا اچانک دورہ کرتے ہوئے عوام سے ملاقات کی۔ موضع لومباسر میں کل رات وسندھرا راجے اچانک پہنچ گئیں اور وہاں کے ’’ناتھ‘‘ فرقہ سے تعلق رکھنے والوں سے بات چیت کی جو صرف 21 مکانات پر مشتمل ایک چھوٹے سے دیہات میں رہتے ہیں۔ جواہر لال نہرو نیشنل سورلا مشن کے تحت اس پسماندہ دیہات میں حال ہی میں بجلی کنکشن فراہم کیا گیا ہے۔ 2011ء وسندھرا راجے نے لکڑناتھ ایک بزرگ شخص کے مکان پہنچ کر وہاں موجود خواتین سے دوبدو بات چیت کی۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو آبی قلت کے بارے میں بتایا جس کا نوٹ لیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ان کے ہمراہ آئے عہدیداروں کو ہدایت کی کہ آبی قلت کو دور کرنے فوری کارروائی کی جائے اور پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے۔ انہوں نے عہدیداروں کو یہ ہدایت بھی کی کہ بیکانیر کی ترقی و ترویج کے لئے ایک روڈ میاپ بھی تیار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری رپورٹ کے مطابق ’’سرکار آپ کے دوار‘‘ نامی پروگرام کے تحت انہوں نے یہ بات کہی۔ پروگرام کے حصہ کے طور پر وزیراعلیٰ فی الحال گجنیر پیالیس میں قیام کئے ہوئے ہیں۔