جئے پور ۔ 20 ۔ مئی : ( سیاست ڈاٹ کام) : راجستھان میں گرد و غبار کے طوفان سے منگل کی شام تک 17 اموات اور متعلقہ واقعات میں 60 افراد زخمی ہوگئے ۔ گرد و غبار کی یہ اندھی بیکانیز ریجن سے اٹھ کر ناگور ، جودھپور ، جئے پور ، رلوار ، بھرت پور ، سویم مادھو پور اور قریبی علاقوں میں کل چکر لگاتے رہی جس کے باعث سینکڑوں درخت جڑ پیڑ سے اکھڑ گئے اور کئی مکانات منہدم ہوگئے ۔ چیف منسٹر وسندھرا راجے نے متاثرہ خاندانوں کے لیے 4 لاکھ روپئے معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے ۔ سب سے زیادہ بھرت پور علاقہ متاثر ہوا ہے جہاں پر 5 افراد ہلاک اور 50 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ۔ جب کہ ضلع کے دیہاتوں میں 50 مکانات کو نقصان پہنچا ۔ علاوہ ازیں دھولپور اور سوئم مادھپور میں تین تین اور بیکانیر اور بونڈی میں دو ، دو ، باران اور ناگور اضلاع میں ایک ایک اموات مختلف واقعات میں ہوئی ۔ بیشتر ہلاکتیں دیواریں منہدم ہوجانے سے ہوئی ہیں ۔ شہر بونڈی میں ایک 42 سالہ شخص راجندر سنگھ چوپڑا جو کہ ایک دھابہ کا مالک تھا ، گرد و غبار کی اندھی میں ایک ستون گرجانے سے برسر موقع ہلاک ہوگیا ۔ شدید نوعیت کی آندھی سے ریگستانی ریاست کے بیشتر مقامات پر درجہ حرارت میں نمایاں کمی آگئی ہے اور کئی گھنٹوں تک سڑکوں اور شاہراہوں پر ٹریفک مسدود ہوگئی ۔ کیوں کہ راہگیروں کو صاف دکھائی نہیں دیرہا تھا ۔ جب کہ ناگور اور ڈیڈورنا ٹاونس میں تقریبا 30 برقی کھمبے گرجانے سے برقی سربراہ متاثر ہوگئی ۔